QR CodeQR Code

آٹا چینی بحران کے ذمہ داران کیخلاف سخت کارروائی کی جائے، کاشف شیخ

6 Apr 2020 23:25

اپنے ایک بیان میں جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکریٹری نے کہا کہ دیگر پارٹیوں کو چور کہنے والے، مہنگائی کو کرپشن سے جوڑنے والے حکمران آج فرانزک رپورٹ کا انتظار کیوں کر رہے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکریٹری کاشف سعید شیخ نے ایف آئی اے کی جانب سے آٹا چینی بحران کے ذمہ داران کیخلاف جاری کردہ رپورٹ کو مثبت اور بہتر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے جس طرح سے چینی اور آٹا بحران کے ذمہ داران کیخلاف رپورٹ کو ظاہر کیا ہے، اس پر ان کو داد دینا چاہئے، لیکن عوام اس وقت مطمئن ہونگے، جب حکومتی صفوں میں موجود آٹا اور چینی چوروں کے سرغنہ کو گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ اپنے ای، بیان میں کاشف سعید شیخ نے کہا کہ تحریک انصاف کی تبدیلی اور نئے پاکستان کا نعرہ ڈھونگ اور عوام سے مذاق کے سوا کچھ بھی نہیں، عمران خان نے اقتدار میں آنے کیلئے اپنی پوری جدوجہد کو داﺅ پر لگا کر الیکٹیبلز کو پارٹی ٹکٹ دیئے، جس کی وجہ سے آج پی ٹی آئی کو یہ دن دیکھنے پڑے ہیں۔

کاشف سعید شیخ نے کہا کہ دیگر پارٹیوں کو چور کہنے والے، مہنگائی کو کرپشن سے جوڑنے والے حکمران آج فرانزک رپورٹ کا انتظار کیوں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان بار بار جہانگیر ترین اور خسرو بختیار کو بے قصور قرار دیتے رہے ہیں، لیکن ایف آئی اے کی رپورٹ میں یہ بات واضح ہو چکی ہے کہ آٹے اور چینی کے بحران کے کرتا دھرتا جہانگیر ترین، خسرو بختیار اور مونس الٰہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کا دو ٹوک مطالبہ ہے کہ جس طرح رپورٹ ظاہر کرکے جرأت کا مظاہرہ کیا گیا ہے، اسی طرح رپورٹ میں بحران کے ذمہ داران کیخلاف فوری اور مؤثر کارروائی کرکے چینی چوروں اور آٹے کا بحران پیدا کرکے عوام کو اربوں روپے کا ٹیکہ لگانے والے مافیا کو قانون کی گرفت میں لیکر سخت سزا دی جائے۔


خبر کا کوڈ: 855069

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/855069/آٹا-چینی-بحران-کے-ذمہ-داران-کیخلاف-سخت-کارروائی-کی-جائے-کاشف-شیخ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org