QR CodeQR Code

پارلیمنٹ پر غیر منتخب افراد کا گھیرا مزید تنگ ہوتا جا رہا ہے، حافظ حسین احمد

6 Apr 2020 23:51

اپنے ایک بیان میں جے یو آئی (ف) کے مرکزی ترجمان نے کہا کہ خسرو بختیار اور جہانگیر ترین کو عہدوں سے ہٹانے سے ثابت ہوگیا کہ وہ بدعنوانی میں ملوث ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے مرکزی ترجمان حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ خسرو بختیار اور جہانگیر ترین کو عہدوں سے ہٹانے سے ثابت ہوگیا کہ وہ بدعنوانی میں ملوث ہیں، محکمے کی تبدیلی سے تحریک انصاف کے انصاف کے تقاضے پورے نہیں ہوتے، غیر منتخب بابر اعوان کو پارلیمانی مشیر بنانا پارلیمنٹ کے ساتھ زیادتی ہے۔ اپنے ایک بیان میں حافظ حسین احمد نے کہا کہ عمران نیازی کی جانب سے جہانگیر ترین اور خسرو بختیار کو اپنے عہدوں سے ہٹانے سے واضح ہوتا ہے کہ بدعنوانی کے حوالے سے ایف آئی اے کی رپورٹ ٹھیک ہے، لیکن سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا محکمے کی تبدیلی یا مشیر کے عہدے سے ہٹانے سے تحریک انصاف کے انصاف کے تقاضے پورے جاتے ہیں۔

حافظ حسین احمد نے کہا کہ اگر ان کے ہاتھ صاف ہیں تو پھر یہ تبدیلی اور تنزلی کس حوالے سے کی گئی ہے، اگر ان کے ہاتھ ملوث ہیں تو پھر انہیں قرار واقعی سزا دی جائے اور فوری طور پر ان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جائے، بلکہ نیب میں ان کے خلاف ریفرنس دائر کر دینا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ عمران نیازی اپنے فیصلوں اور انصاف کے حوالے سے ثابت کریں کہ وہ واقعی تحریک انصاف کے سربراہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ پر غیر منتخب افراد کا گھیرا مزید تنگ ہوتا جا رہا ہے، بابر اعوان کو پارلیمانی مشیر بنانا پارلیمنٹ کی توہین ہے، کم ازکم پارلیمنٹ کو تو بخش دیا جاتا، پارلیمانی امور کا وزیر غیر پارلیمانی منتخب ہوگا، تو اس سے زیادہ ظلم کیا ہوگا۔


خبر کا کوڈ: 855080

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/855080/پارلیمنٹ-پر-غیر-منتخب-افراد-کا-گھیرا-مزید-تنگ-ہوتا-جا-رہا-ہے-حافظ-حسین-احمد

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org