QR CodeQR Code

کراچی کے تاجروں نے 15 اپریل سے کاروباری سرگرمیوں کا آغاز کرنے کا اعلان کردیا

7 Apr 2020 00:45

تاجروں کے اجلاس کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے سندھ تاجر اتحاد کے چیئرمین جمیل احمد پراچہ نے کہا کہ مسلسل لاک ڈاؤن کی وجہ سے چھوٹے تاجر معاشی طور پر شدید مشکلات سے دوچار ہیں، ماہ رمضان میں چند روز باقی ہیں، ان حالات میں مزید کاروباری سرگرمیوں کو بند رکھنا ممکن نہیں ہے۔


اسلام ٹائمز۔ کراچی کے تاجروں نے 15 اپریل سے کاروباری سرگرمیوں کا آغاز کرنے کا اعلان کردیا۔ تاجر برادری کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت چھوٹی تاجر برادری کو ریلیف دینے میں ناکام ہوگئی ہے، مجبور ہوکر ملازمین کو فارغ کرنا پڑرہا ہے۔ سندھ تاجر اتحاد کے چیئرمین جمیل احمد پراچہ نے کہا کہ مسلسل لاک ڈاؤن کی وجہ سے چھوٹے تاجر معاشی طور پر شدید مشکلات سے دوچار ہیں، ماہ رمضان میں چند روز باقی ہیں، ان حالات میں مزید کاروباری سرگرمیوں کو بند رکھنا ممکن نہیں ہے، جس کی وجہ سے کراچی سمیت سندھ بھر میں 15 اپریل سے کاروباری سرگرمیوں کا آغاز کردیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار جمیل احمد پراچہ نے گزشتہ روز تاجروں کے اجلاس کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں کاشف صابرانی، مقصود احمد، سلیم راجپوت، اسماعیل لالپوریہ اور دیگر موجود تھے۔

جمیل پراچہ نے کہا کہ سندھ حکومت چھوٹے تاجروں کو ریلیف دینے میں ناکام ہوچکی ہے اور وزیراعلیٰ کی جانب سے گزشتہ روز جو تاجروں سے ملاقاتیں کی گئی اس میں چھوٹے تاجروں کی کوئی نمائندگی نہیں تھی۔ انہوں نے کہا کہ 15 اپریل سے کاروباری سرگرمیوں کو روکا گیا تو اپنے ملازمین کو فارغ کرنے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں ہے اور ان لاکھوں لوگوں کی بےروزگاری کی ذمہ دار سندھ حکومت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری کسی بھی صورت میں حکومت کو مشکلات میں ڈالنا نہیں چاہتی لیکن موجودہ حالات میں لاکھوں چھوٹے تاجر دیوالیہ ہوچکے ہیں، حکومت کاروباری سرگرمیوں کے آغاز کے لئے حفاظتی اقدامات کرے تاکہ چھوٹے تاجروں کو مشکلات سے نکالا جاسکے، اس کے ساتھ حکومت یوٹیلیٹی بلوں سمیت ایک سال تک تاجروں پر ٹیکس عائد نہ کرنے کا اعلان کرے۔


خبر کا کوڈ: 855089

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/855089/کراچی-کے-تاجروں-نے-15-اپریل-سے-کاروباری-سرگرمیوں-کا-ا-غاز-کرنے-اعلان-کردیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org