QR CodeQR Code

سعودی عرب اپنی جیلوں میں قید فلسطینی شہریوں کو فی الفور آزاد کرے، حماس

7 Apr 2020 04:58

ای میگزین الرسالہ کے مطابق فلسطینی مزاحمتی فورس حماس کے نائب سربراہ محمد نزال نے ضعیف العمر محمد الخضری سمیت فلسطینی مزاحمتی محاذ کے حامیوں کے تاحال سعودی جیلوں میں قید رہنے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی حکومت کا یہ اقدام نہ صرف ممالک اور تنظیموں کے درمیان استوار تعلقات کے منافی ہے بلکہ طول تاریخ میں سعودی عرب کیطرف سے کئے جانیوالے مسئلہ فلسطین کی حمایت کے دعووں کے بھی خلاف ہے۔


اسلام ٹائمز۔ فلسطینی مزاحمتی محاذ کی طرف سے سعودی جیلوں میں قید فلسطینی شہریوں کی آزادی پر مبنی متعدد مطالبوں کے بعد اب فلسطینی مزاحمتی فورس حماس کے نائب سربراہ محمد نزال نے بھی سعودی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنی جیلوں میں قید فلسطینی مزاحمتی محاذ کے حامیوں کو فوری طور پر آزاد کر دے۔ فلسطینی ای میگزین الرسالہ کے مطابق محمد نزال نے ضعیف العمر محمد الخضری سمیت فلسطینی مزاحمتی محاذ کے حامیوں کے تاحال سعودی جیلوں میں قید رہنے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی حکومت کا یہ اقدام نہ صرف ممالک اور تنظیموں کے درمیان استوار تعلقات کے منافی ہے بلکہ طول تاریخ میں سعودی عرب کی طرف سے کئے جانے والے مسئلہ فلسطین کی حمایت کے دعووں کے بھی خلاف ہے۔

حماس کے نائب سربراہ محمد نزال نے سعوی جیلوں میں قید فلسطینی مزاحمتی محاذ کے حامیوں کی فی الفور آزادی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارا یہ مطالبہ فلسطین اور سعودی عرب کے باہمی تعلقات کو صحیح نہج پر استوار کرنے کے لئے ایک صادقانہ پیشکش ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ فلسطینی مزاحمتی محاذ کے پرزور مطالبے کے جواب میں سعودی عرب میں قید فلسطینی مزاحمتی کارکنوں کو جلد ہی رہا کر دیا جائے گا۔ یاد رہے کہ سعودی عرب نے اسرائیل کے خلاف برسرپیکار فلسطینی مزاحمتی محاذ کی مختلف طریقوں سے مدد کرنے والے سعوی عرب میں مقیم 60 سے زائد فلسطینی و اردنی شہریوں کو اسرائیل و امریکہ کی ایماء پر تقریباً 1 سال قبل قید کر لیا تھا جبکہ 1 ماہ قبل انہیں نام نہاد قانونی کارروائی کے لئے سرسری طور پر عدالت میں پیش کرکے ان پر دہشتگردی اور دہشتگرد تنظیم (حماس) کے ساتھ تعلقات رکھنے کی فرد جرم عائد کی تھی۔


خبر کا کوڈ: 855099

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/855099/سعودی-عرب-اپنی-جیلوں-میں-قید-فلسطینی-شہریوں-کو-فی-الفور-آزاد-کرے-حماس

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org