QR CodeQR Code

وفاقی کابینہ میں ردوبدل کی اندرونی کہانی

7 Apr 2020 09:10

عمران خان وفاقی کابینہ میں تبدیلیوں کیلئے گذشتہ کئی ہفتوں سے مشاورت کر رہے تھے۔ ذرائع کے مطابق چینی، آٹا بحران کی تحقیقاتی رپورٹ آنے پر وفاقی کابینہ میں ردو بدل کا ہنگامی طور پر اعلان کرنا پڑا۔


اسلام ٹائمز۔ وفاقی کابینہ میں رد و بدل کی اندرونی کہانی سامنے آگئی ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان وفاقی کابینہ میں تبدیلیوں کے لیے گذشتہ کئی ہفتوں سے مشاورت کر رہے تھے۔ ذرائع کے مطابق چینی، آٹا بحران کی تحقیقاتی رپورٹ آنے پر وفاقی کابینہ میں رد و بدل کا ہنگامی طور پر اعلان کرنا پڑا۔ بابر اعوان کو کابینہ میں لانے کے لیے وزیراعظم کے مشیر برائے اسٹیبلشمنٹ شہزاد ارباب کو قربانی کا بکرا بنایا گیا۔ بابر اعوان مشیر پارلیمانی امور ہوں گے اور ان کا عہدہ وفاقی وزیر کے برابر ہوگا، بابر اعوان معاون خصوصی بننے کو تیار نہیں تھے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ میں ہنگامی طور پر تبدیلی سے خسرو بختیار کی تنزلی اور حماد اظہر کو ترقی مل گئی، خسرو بختیار وزارت فوڈ سکیورٹی کے وفاقی وزیر تھے، اب وزارت خزانہ کے تین ڈویژنز میں سے ایک ڈویژن کے وزیر ہوں گے۔

حماد اظہر اب پروموٹ ہو کر ڈویژن سے وزارت صنعت و تجارت کے وفاقی وزیر بن گئے ہیں۔ حفیظ شیخ بدستور وزارت خزانہ کے دو اہم ڈویژنز فنانس اور ریونیو کے مشیر رہیں گے، حماد اظہر وزارت خزانہ کے تین ڈویژنز میں سے ایک اکنامک افیئرز ڈویژن کے وزیر تھے۔ آئین کے رولز آف بزنس کے مطابق وزیراعظم صرف 5 مشیر رکھ سکتے ہیں، امین اسلم، حفیظ شیخ، رزاق داؤد اور عشرت حسین مشیران کے عہدوں پر موجود ہیں۔ علی محمد خان وزیر مملکت پارلیمانی امور برقرار رہیں گے اور ایوان میں حکومت کی نمائندگی کریں گے۔ وزیراعظم کے پاس اس وقت 13 معاونین خصوصی ہیں، جن میں سے 4 کے پاس وزیر مملکت کا عہدہ ہے۔


خبر کا کوڈ: 855122

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/855122/وفاقی-کابینہ-میں-ردوبدل-کی-اندرونی-کہانی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org