QR CodeQR Code

یورپ سے آنیوالے 2 کورونا متاثرین کے مزید 19 رشتے داروں میں کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت

7 Apr 2020 12:09

اس سے قبل پنجاب کے ہی ایک اور ضلع گجرات میں بھی ایسے کیسز سامنے آئے تھے جہاں کورونا وائرس سے متاثرہ شخص نے مبینہ طور پر دیگر 27 افراد کو متاثر کردیا تھا۔


اسلام ٹائمز۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ راولپنڈی ڈاکٹر سہیل چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ گوجر خان میں 2 کورونا متاثرین کے مزید 19 رشتے داروں میں کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آگیا۔ یہ نئے کیسز ان دو پاکستانیوں کے قریبی رشتے دار ہیں جو برطانیہ اور فرانس سے واپس آئے تھے۔ ایک خاتون جو فرانس سے گاؤں فیروزال واپس آئی تھیں ان کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا جس کے بعد سے وہ راولپنڈی کے ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔ ڈاکٹر سہیل چوہدری کے مطابق ان خاتون کے اہل خانہ کے 7 افراد میں بھی کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی۔ ادھر ایک اور 86 سالہ شخص جو برطانیہ سے واپس آئے تھے اور بعد ازاں راولپنڈی کے ہسپتال میں انتقال کرگئے تھے ان کی گزشتہ ہفتے ان کے آبائی گاؤن پیریان تاٹھی یونین کونسل میں تدفین کردی گئی تھی۔
تاہم اب یہ بات سامنے آئی ہے کہ اس متوفی شخص کے خاندان کے 12 افراد کا ٹیسٹ مثبت آیا اور تمام افراد راولپنڈی منتقل کردیا گیا۔ علاوہ ازیں ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر) انوار الحق نے نئے کیسز کی تصدیق کے بعد گوجر خان کا دورہ کیا اور قرنطینہ مرکز کا دورہ کیا، ساتھ ہی انہوں نے گاؤں فیروزال کا بھی دورہ کیا اور متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات دیں۔ دوسری جانب راولپنڈی میں تبلیغی جماعت کے 4 اراکین میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی جس کے بعد وہاں متاثرین کی تعداد 93 تک پہنچ گئی۔ ڈاکٹر سہیل چوہدری نے میڈیا کو بتایا کہ راولپنڈی میں سامنے آنے والے یہ کیسز جو قرنطینہ میں تھے انہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ خیال رہے کہ اس سے قبل پنجاب کے ہی ایک اور ضلع گجرات میں بھی ایسے کیسز سامنے آئے تھے جہاں ایک والد میں کورونا کے بعد ان کی 6 ماہ کی بچی میں وائرس کی تشخیص ہوئی تھی۔ اس سے قبل ضلع گجرات میں ہی کورونا وائرس سے متاثرہ شخص نے مبینہ طور پر دیگر 27 افراد کو متاثر کردیا تھا۔
 


خبر کا کوڈ: 855165

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/855165/یورپ-سے-آنیوالے-2-کورونا-متاثرین-کے-مزید-19-رشتے-داروں-میں-وائرس-کا-ٹیسٹ-مثبت

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org