0
Tuesday 7 Apr 2020 18:19

پالپا اور پی آئی اے کے مذاکرات کامیاب، پائلٹس جہاز اڑانے پر آمادہ

پالپا اور پی آئی اے کے مذاکرات کامیاب، پائلٹس جہاز اڑانے پر آمادہ
اسلام ٹائمز۔ پائلٹس کی تنظیم پاکستان ائیرلائن پائلٹس ایسوسی ایشن (پالپا) اور پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز (پی آئی اے) کی انتظامیہ کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے جس کے بعد پائلٹس تمام شیڈول اور خصوصی پروازیں اڑانے کے پابند ہوں گے۔ پائلٹس کی تنظیم پالپا نے جہازوں میں کورونا وائرس سے بچاؤ کے اقدامات نہ ہونے پر جہاز اڑانے سے انکار کردیا تھا جس کے بعد سے ائیر لائنز انتظامیہ سے مذاکرات جاری تھے۔ تاہم اب پائلٹس اور پی آئی اے انتظامیہ کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے ہیں جس کے بعد ایک معاہدے پر پی آئی اے انتظامیہ اور وائس پریزیڈنٹ پالپا نے دستخط کئے ہیں۔ معاہدے کے مطابق پی آئی اے انتظامیہ تمام حفاظتی سامان فراہم کرنے کی پابند ہوگی جبکہ پائلٹس قومی ائیرلائن کی تمام شیڈول اور خصوصی پروازوں کو اڑانے کے پابند ہوں گے۔ معاہدے میں کہا گیا ہے کہ کوئی پائلٹ کورونا وائرس کی وجہ سے طیارہ اڑانے سے انکار کرتا ہے تو اسے تحریری طور پر آگاہ کرنا ہوگا۔ پالپا کے جوائنٹ سیکرٹری کیپٹن قاسم قادر کا کہنا ہے کہ فضائی عملے کے تحفظ کیلئے پی پی ای کٹ فراہم کرنے کا وعدہ کیا گیا ہے، حکومت نے پی آئی اے کو سول ایوی ایشن کے ایس او پی کے مکمل عملدرآمد کی ہدایت کی ہے۔

قاسم قادر کے مطابق پالپا نے انتظامیہ کی جانب سے کاٹی گئی تین دن کی تنخواہ کی واپسی کا کوئی مطالبہ نہیں کیا، پالپا کا احتجاج صرف پائلٹس، فضائی میزبانوں اور مسافروں کے تحفظ کیلئے تھا، پی آئی اے کے 6 پائلٹ، کیبن کریو اور ٹیکنیشن کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں۔ ترجمان سول ایوی ایشن کے مطابق پالپا نے فلائٹ آپریشن مشروط طور پر بحال کرنے پر آمادگی ظاہر کردی ہے، لہٰذا حکومت کورونا وائرس سے بچاؤ کے لئے ایس او پی پر عمل درآمد کو یقینی بنائے گی۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ پائلٹ اورکیبن کریو کے لئے سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ایس او پی پر مکمل عمل کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پالپا نے بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کیلئے اپنے تعاون کا یقین دلایا ہے۔ قبل ازیں پالپا اور پی آئے کے مذاکرات میں ناکامی کی خبریں سامنے آئی تھیں جس کے بعد پی آئی اے نے پروازوں کے لئے کنٹریکٹ پائلٹس کی خدمات حاصل کرلیں تھیں اور فضائی آپریشن کی بحالی کے لئے پاک فضائیہ سے مدد مانگ لی تھی۔

انہوں نے کہا کہ سربراہ پاک فضائیہ نے بحران سے نکالنے کیلئے پی آئی اے کو خصوصی طیارہ بھی دیا جس نے کراچی سے 13 ہوابازوں کو لے کر آج رات کراچی سے اسلام آباد پہنچنا تھا۔ ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کے لئے ایس او پی کے مطابق اقدامات کئے گئے ہیں اور عملے کو حفاظتی کٹس اور تمام مسافروں کو ماسک فراہم کردیئے گئے ہیں۔ خیال رہے کہ لاک ڈاؤن کے باعث ملک میں جزوی طور پر فلائٹ آپریشن بحال ہے جس میں بیرون ممالک میں پھنسے پاکستانی شہریوں کو وطن واپس لایا جارہا ہے جبکہ دیگر ممالک کے شہریوں کو ان کے ملکوں میں پہنچایا جارہا ہے۔ جزوی فضائی آپریشن میں بھی کئی پائلٹس سمیت دیگر فضائی عملہ بھی مہلک وائرس کا شکار ہوچکا ہے جبکہ پالپا کی جانب سے پی آئی اے انتظامیہ پر حفاظتی اقدامات نہ کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 855231
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش