QR CodeQR Code

لاہور، قذافی سٹیڈیم قرنطینہ سے 39 زائرین کو گھر جانے کی اجازت مل گئی

7 Apr 2020 21:56

لاہور قرنطینہ سنٹر میں 16 زائرین کے رزلٹ مثبت آنے پر انہیں ایکسپو سنٹر میں قائم خصوصی ہسپتال میں بھیج دیا گیا ہے۔ قرنطینہ سنٹر ذرائع کے مطابق 13 زائرین کی رپورٹس کا انتظار ہے، جو کہ آج رات گئے تک موصول ہو جائیں گی، جسکے بعد ان زائرین کے گھروں کو بھجوانے کا فیصلہ کیا جائیگا۔


اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل کی کوششیں رنگ لے آئیں، لاہور کے قذافی سٹیڈیم قرنطینہ سنٹر میں موجود 65 زائرین میں سے 39 کو گھروں کو جانے کی اجازت دیدی گئی جبکہ 16 زائرین کے رزلٹ مثبت آنے پر انہیں ایکسپو سنٹر میں قائم خصوصی ہسپتال میں بھیج دیا گیا ہے۔ قرنطینہ سنٹر ذرائع کے مطابق 13 زائرین کی رپورٹس کا انتظار ہے، جو کہ آج رات گئے تک موصول ہو جائیں گی، جس کے بعد ان زائرین کے گھروں کو بھجوانے کا فیصلہ کیا جائے گا۔ اس موقع پر اے سی ماڈل ٹاون خالد رانجھا کیساتھ شیعہ علماء کونسل کے وفد نے علامہ حافظ سید کاظم رضا نقوی کی قیادت میں ملاقات کی اور زائرین کے معاملات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔

اس موقع پر شیعہ علماء کونسل لاہور کے ڈویژنل صدر قاسم علی قاسمی، ضلعی صدر ملک شوکت علی اعوان، جنرل سیکرٹری لاہور سید جعفر علی شاہ، صغیر ورک اور سجاد جعفری بھی موجود تھے۔ علامہ حافظ سید کاظم رضا نقوی نے کہا کہ زائرین کو بلاوجہ قید نہیں رکھا جا سکتا، جن زائرین کے رزلٹ منفی آئے ہیں، انہیں فوری گھروں کو بھجوایا جائے۔ جس کے بعد اے سی ماڈل ٹاون نے منفی رزلٹ والے زائرین کو گھروں کو جانے کی اجازت دیدی۔ علامہ حافظ کاظم رضا نقوی اور قاسم علی قاسمی نے ’’اسلام ٹائمز‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہم نے انتظامیہ کو زائرین کے مسائل سے آگاہ کیا ہے اور انہیں بتایا ہے کہ زائرین بھی پاکستانی شہری ہیں، ان کیساتھ امتیازی سلوک روا نہ رکھا جائے، جس پر اے سی ماڈل ٹاون اور ڈی آئی جی آپریشن رائے بابر سعید نے ہمیں یقین دلایا ہے کہ زائرین کو عزت و احترام کیساتھ رکھا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈی آئی جی نے بتایا ہے کہ جن زائرین کے رزلٹ مثبت آئے ہیں، انہیں بھی احترام کیساتھ ایکسپو سنٹر میں بنائے گئے خصوصی ہسپتال منتقل کیا گیا ہے، جبکہ دیگر زائرین کی بھی تمام ضروریات کا خیال رکھا جا رہا ہے۔ قاسم علی قاسمی نے کہا کہ ہم آخری زائر کی اس قرنطینہ سنٹر میں موجودگی تک یہاں موجود رہیں گے اور تمام زائرین کے گھر جانے تک انتظامیہ سے رابطے میں رہیں گے۔ حافظ سید کاظم رضا نقوی کا کہنا تھا کہ ہم پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے تعاون پر ان کے شکر گزار ہیں۔


خبر کا کوڈ: 855271

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/855271/لاہور-قذافی-سٹیڈیم-قرنطینہ-سے-39-زائرین-کو-گھر-جانے-کی-اجازت-مل-گئی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org