QR CodeQR Code

کورونا کے خلاف جنگ میں کے الیکٹرک حکومت کا ساتھ دے، ناصر حسین شاہ

8 Apr 2020 00:32

ایک بیان میں وزیر اطلاعات سندھ نے کہا کہ اس وقت ہم کورونا کے حوالے سے حالت جنگ میں ہیں، اس جنگ میں برابر کے شریک پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کے تمام متعلقین اور خصوصی طور پر فیلڈ میں کام کرنے والے صحافیوں اور عملے کو بھی زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ سندھ کے وزیر اطلاعات، بلدیات و جنگلات سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ کورونا کے خلاف جنگ میں کے الیکٹرک حکومت کا ساتھ دے اور عوام کو ریلیف دینے کے اقدامات کو یقینی بنائے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک اوسط بلوں کے حوالے سے عوامی شکایات کا ازالہ کرے جبکہ حالات کے تناظر میں اپنے صارفین کو مزید رعایت اور ان کے ساتھ نرمی برتے۔ وزیر اطلاعات نے کے الیکٹرک کا لاک ڈاؤن کے دوران شہر میں بجلی کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنانے پر شکریہ ادا کیا اور ان حالات میں خدمت انجام دینے کے لئے کے الیکٹرک کے تمام ورکرز اور منتظمین کو خراج تحسین بھی پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ نہ صرف کے الیکٹرک بلکہ کورونا کے حوالے فرنٹ لائن پر کام کرنے والے طبی و نیم طبی عملے، نرسوں اور تمام متعلقہ اداروں کو حکومت قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے، اس وقت ہم کورونا کے حوالے سے حالت جنگ میں ہیں، اس جنگ میں برابر کے شریک پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کے تمام متعلقین اور خصوصی طور پر فیلڈ میں کام کرنے والے صحافیوں اور عملے کو بھی زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

ناصر حسین شاہ نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے باعث دیہاڑی داڑ طبقہ، روز کما کر کھانے والے افراد اور ان کے خاندانوں کی شدید پریشانیوں کا خیال کرتے ہوئے کے الیکٹرک حب الوطنی کا ثبوت دینے اور اس طبقے کو بہترین ریلیف فراہم کرنے و دیگر اداروں کے لئے شاندار مثال قائم کرے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ کے الیکٹرک نے حکومت کی اپیل پر اپنے صارفین کو خصوصی رعایت دی، بلوں کی ادائیگی کے حوالے سے جس کے لئے ہم ادارے کے شکر گزار بھی ہیں، حکومت سندھ موجودہ حالات میں غریب اور دیہاڑی داڑ طبقے کی پریشانیوں کے پیش نظر تمام اداروں کے ساتھ مکمل اور مسلسل رابطے میں ہے تاکہ عوام پر مالی بوجھ اثر انداز نہ ہوسکے۔ اس حوالے سے تمام فیکٹری مالکان اور نجی کمپنیوں کو بھی لاک ڈاؤن کے دوران تمام ملازمین کی بروقت تنخواہ اور جاب سیکورٹی کو یقینی بنانے کے لئے حکومت سندھ نے اقدامات اٹھائے ہیں۔ وزیر اطلاعات ناصر حسین شاہ نے کے الیکٹرک سے اوسط بلوں کی تیاری کے وقت مزید نرمی برتنے کی درخواست بھی کی ہے۔


خبر کا کوڈ: 855305

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/855305/کورونا-کے-خلاف-جنگ-میں-الیکٹرک-حکومت-کا-ساتھ-دے-ناصر-حسین-شاہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org