QR CodeQR Code

سندھ حکومت شب برات پر لوگوں کو قبرستان جانے کیلئے مکمل سہولیات فراہم کرے، مفتی محمد جان نعیمی

8 Apr 2020 00:45

دارالعلوم مجددیہ نعیمیہ کراچی سے اپنے جاری کردہ بیان میں مرکزی جماعت اہلسنت سندھ کے امیر نے کہا کہ شب برات کے موقع پر قبرستانون میں جانا سنت رسول اللہ (ص) ہے، اہل ایمان قبرستان میں اپنے پیارے مرحومین کے پاس جانے کے موقع پر حکومت کیجانب سے بتائی گئی احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور کورونا وائرس سے خود کو اور دوسروں کو محفوظ رکھیں۔


اسلام ٹائمز۔ شب برات پر زائرین کو سہولیات فراہم کی جائیں، سندھ حکومت شب بیداری شب برات کے موقع پر لوگوں کو قبرستان جانے کے لئے سہولیات فراہم کرے، شب برات پر مساجد میں نوافل اور عبادت کرنے کی خصوصی اجازت دی جائے، تاکہ مسلمان باآسانی مسجدوں میں جاکر عبادت کرسکیں، شب برات کے موقع پر اہل ایمان حکومت کی جانب سے بتائی گئی احتیاطی تدابیر کے ساتھ قبرستان میں جائیں، قبرستان جانا سنت رسول اللہ (ص) ہے، یہ باتیں مفتی اعظم سندھ و مرکزی جماعت اہلسنّت صوبہ سندھ کے امیر صاحبزادہ مفتی محمد جان نعیمی نے دارالعلوم مجددیہ نعیمیہ کراچی سے اپنے جاری کردہ بیان میں کہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سندھ حکومت شب بیداری و شب برات کے موقع پر لوگوں کو قبرستان میں جانے کے لئے مکمل سہولیات فراہم کرے، مساجد میں عبادت کرنے کی بھی اجازت دی جائے اور کسی بھی قسم کی رکاوٹ ڈالنے سے گریز کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ شب برات کے موقع پر قبرستانون میں جانا سنت رسول اللہ (ص) ہے، اہل ایمان قبرستان میں اپنے پیارے مرحومین کے پاس جانے کے موقع پر حکومت کی جانب سے بتائی گئی احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور کورونا وائرس سے خود کو اور دوسروں کو محفوظ رکھیں۔

مفتی محمد جان نعیمی نے کہا کہ شب برات میں بارگاہ الہیٰ سے خصوصی رحمتوں کا نزول ہوتا ہے، شب برات کے موقع پر پاکستان سے کورونا وائرس کے خاتمے کے لئے خصوصی دعائیں مانگی جائیں، توبہ استغفار کے دروازے کبھی بند نہیں ہوتے، دنیا میں جاری کورونا وائرس رب کائنات کی آزمائش ہے، اہل ایمان پیارے رب کو راضی کریں، رحمتوں کے نزول والی شب برات کے موقع پر تمام مسلمان بارگاہ الٰہی میں استغفار کریں، اپنے گناہوں کی بخشش طلب کریں، رب غفور رحیم ہے، ان شاء اللہ جلد وطن عزیز پاکستان سمیت دنیا بھر سے کورونا وائرس کا مکمل خاتمہ ہو جائے گا، سندھ حکومت لوگوں کو آسانیاں فراہم کرنے کے لئے فوری طور پر احکامات جاری کرے، عوام کے لئے آسانیاں پیدا کرے اور رب کائنات کو مزید ناراض کرنے سے احتیاط کی جائے۔


خبر کا کوڈ: 855306

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/855306/سندھ-حکومت-شب-برات-پر-لوگوں-کو-قبرستان-جانے-کیلئے-مکمل-سہولیات-فراہم-کرے-مفتی-محمد-جان-نعیمی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org