0
Wednesday 8 Apr 2020 01:01

وفاقی اور صوبائی حکومت اگر چاہے تو بلدیاتی ادارے مضبوط ہوسکتے ہیں، میئر کراچی

وفاقی اور صوبائی حکومت اگر چاہے تو بلدیاتی ادارے مضبوط ہوسکتے ہیں، میئر کراچی
اسلام ٹائمز۔ میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ ہم وفاقی حکومت کی پالیسی کو سپورٹ کررہے ہیں، وفاقی اور صوبائی حکومت اگر چاہے تو بلدیاتی ادارے مضبوط ہوسکتے ہیں، ہماری پارٹی کا اسٹرکچر مضبوط ہورہا ہے اور جو پارٹیاں حکومت کا حصہ ہوتی ہیں انہیں فنڈز دیئے جاتے ہیں لیکن ابھی تک کراچی کو خاطر خواہ فنڈز نہیں دیئے گئے نہ ہی کورونا وائرس کے حوالے سے کسی یونین کمیٹی کو اب تک کوئی رقم موصول ہوئی ہے۔ یہ بات انہوں نے ضلع کورنگی میں اسپرے مہم کا آغاز کرتے ہوئے کہی، اس مہم میں 50 ورکرز جدید چھوٹی مشینوں سے گلیوں اور تنگ مقامات پر جاکر اسپرے کرسکیں گے، اسپرے کے آغاز کے موقع پر ضلع کورنگی کے چیئرمین سید نیئر رضا، وائرس چیئرمین احمر علی، رابطہ کمیٹی کے رکن ابوبکر بھائی، ممبر صوبائی اسمبلی غلام جیلانی اور متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ میئر کراچی نے کہا کہ میں عوام کے درمیان موجود ہوں جو کچھ ممکن ہوسکا وہ کام انجام دے رہے ہیں کیونکہ یہ براہ راست عوام کا مسئلہ ہے اور اس مسئلہ سے نمٹنا لازم ہے۔

میئر کراچی نے کہا کہ ہمارے پاس وہ انفراسٹرکچر اور مشینیں نہیں ہیں، بار بار حکومت سندھ سے درخواست کرنے کے باوجود بلدیاتی اداروں کو سپورٹ نہیں کیا جارہا جبکہ ہم ایک بہترین ٹیم ثابت ہوسکتے ہیں، ہم نے اپنی مدد آپ کے تحت ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل اسٹاف اور سیٹینری ورکس کو حفاظتی لباس مہیا کئے ہیں، کمشنر کراچی کی جانب سے آج ہمیں 100 کٹس مہیا کی گئی ہیں جبکہ 400 حفاظتی لباس مختلف سماجی اور فلاحی اداروں کی جانب سے دیئے گئے ہیں، ڈاکٹروں اور پیرامیڈکل اسٹاف کی تنخواہوں کا مسئلہ جوں کا توں ہے، یہ لوگ فرنٹ لائن پر کام کررہے ہیں، اگر ان کا یہ مسئلہ حل نہیں کیا گیا تو کس طرح اپنے فرائض انجام دیں گے، حکومت سندھ کی طرف سے فیصلہ آنا چاہیئے، میں اور میری ٹیم فعال ہے اور ان میں جذبہ بھی موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل اسٹاف، صحافی، قانو نافذ کرنے والے ادارے جس طرح فرائض انجام دے رہے ہیں ، وہ نہ صرف قابل ستائش ہیں بلکہ یہی دراصل قوم کے ہیرو ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ اور وفاقی حکومت ان لوگوں کو استعمال کرے جو منتخب بلدیاتی نمائندے ہیں، وہ سڑکوں پر نظر آئیں گے، ڈی ایم سی کورنگی نے اپنے فنڈ سے اسپرے مہم کے اقدامات کئے ہیں اور اس اسپرے مہم میں کورنگی کی گلیوں اور تنگ مقامات پر اسپرے کیا جائے گا، منتخب بلدیاتی نمائندوں کو ہر گلی اور محلے کا پتا ہے لہٰذا بلدیاتی نظام کو مضبوط ہونا چاہیئے، میں شہریوں سے اپیل کروں گا کہ وہ گھروں پر رہیں اور جہاں تک کچرے کا معاملہ ہے اس کا بہت بہت برا حال ہے، ڈی ایم سیز کے پاس کچرا اٹھانے کے وسائل نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم کوشش کررہے ہیں کہ ہم حکومت کو سپورٹ کریں، یہ وقت نہیں کہ ہم حکومت پر تنقید کریں۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان اپنے طور پر لوگوں کو راشن دے رہی ہے، میں چینل مالکان سے گزارش کروں گا کہ تنخواہ وقت پر دیں تاکہ صحافی حضرات جو فرنٹ لائن پر کام کررہے ہیں وہ احسن طریقے سے اپنے فرائض انجام دیں۔
خبر کا کوڈ : 855307
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش