QR CodeQR Code

کورونا وائرس سے صورتحال تشویشناک، پاکستانیو جاگو اس سے پہلے کہ بہت دیر ہوجائے، مرتضیٰ وہاب

8 Apr 2020 03:27

اپنی ٹوئیٹ میں ترجمان سندھ حکومت نے لکھا کہ پچھلے سات روز میں پاکستان میں کورونا پازیٹو کی تعداد دو ہزار تک پہنچ گئی، جبکہ پانچ روز میں یہ تعداد تین ہزار تک پہنچ گئی ہے، غالباً تین روز میں کورونا وائرس کے شکار مریضوں کی تعداد چار ہزار تک پہنچ جائیگی۔


اسلام ٹائمز۔ سندھ حکومت کے ترجمان بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے اپنے ایک اہم ویڈیو بیان اور ٹویٹ کے ذریعے کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز اور تشویشناک صورتحال سے عوام کو آگاہ کیا ہے۔ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا ٹویٹ میں کہنا تھا کہ پاکستان میں پہلا کورونا پازیٹو کیس 26 فروری کو رپورٹ ہوا، اس کے بعد 29 روز میں پاکستان بھر میں کورونا وائرس کے شکار مریضوں کی تعداد ایک ہزار ہوگئی تھی۔ مرتضیٰ وہاب نے لکھا کہ پچھلے سات روز میں پاکستان میں کورونا پازیٹو کی تعداد دو ہزار تک پہنچ گئی، جبکہ پانچ روز میں یہ تعداد تین ہزار تک پہنچ گئی ہے۔ ان کا سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہنا تھا کہ غالباً تین روز میں کورونا وائرس کے شکار مریضوں کی تعداد چار ہزار تک پہنچ جائیگی، اندازہ کریں کہ صورتحال کتنی سنگین اور پریشان کن ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانیو! جاگو اس سے پہلے کہ بہت دیر ہوجائے۔

بعد ازاں ایک ویڈیو بیان میں ان کا کہنا تھا کہ ہمیں وفاقی حکومت کے چودہ اپریل تک کے لاک ڈاؤن پر موثر عملدرآمد کرنا ہے اور ہمیں خود کو بچاتے ہوئے دوسروں کو بھی محفوظ رکھنا ہے۔ ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ صوبے میں لاک ڈاؤن پر عملدرآمد کرایا جا رہا ہے لیکن اسے مزید سخت کرنے کی ضرورت ہے، شہری حکومت کا ساتھ دیں اور احتیاطی تدابیر اپنائیں، اس وقت سندھ میں دو سو ستر کورونا مریض صحتیاب ہوچکے ہیں، یہ لاک ڈاؤن اور خود کو آئسولیشن میں رکھنے سے ممکن ہوا، اس وباء سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لئے اپنے گھروں پر رہیں۔


خبر کا کوڈ: 855322

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/855322/کورونا-وائرس-سے-صورتحال-تشویشناک-پاکستانیو-جاگو-اس-پہلے-کہ-بہت-دیر-ہوجائے-مرتضی-وہاب

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org