QR CodeQR Code

قوم آٹا و چینی بحران کے ذمہ داروں کیخلاف آپریشن کلین اپ چاہتی ہے، سینیٹر سراج الحق

8 Apr 2020 05:53

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ قوم کے صبر کا پیمانہ لبریر ہوچکا ہے۔ حکومت احتساب کے نعرے پر آئی تھی دو سال میں کتنا احتساب ہوا کتنے کرپٹ پکڑے گئے اور کتنا پیسہ ریکور ہوا۔ حکومت احتساب اور حساب کتاب میں مکمل ناکام نظر آتی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ قوم آٹا و چینی بحران کے ذمہ داروں کے خلاف آپریشن کلین اپ چاہتی ہے تاکہ کرپٹ مافیا عبرت پکڑے۔ ملوث لوگوں کی محض نشان دہی کر دینے سے بات نہیں بنے گی۔ یہ تو لوگ پہلے ہی جانتے تھے ان کے خلاف مکمل آپریشن کی ضرورت ہے۔ رائٹ کو لیفٹ پر اور لیفٹ کو رائٹ پر بٹھالینے سے کچھ نہیں ہوگا۔ قوم کے صبر کا پیمانہ لبریر ہوچکا ہے۔ حکومت احتساب کے نعرے پر آئی تھی دو سال میں کتنا احتساب ہوا کتنے کرپٹ پکڑے گئے اور کتنا پیسہ ریکور ہوا۔ حکومت احتساب اور حساب کتاب میں مکمل ناکام نظر آتی ہے۔ اسٹیشن کے قریب ریلوے کے دو بڑے ہسپتال ہونے کے باوجود ریل کی دو بوگیوں میں قرنطینہ سنٹر بنانے پر ریلوے اور حکومت کی کارکردگی واقعی قابل ستائش ہے۔ ٹرین چلتی ہے تو قلیوں اور ریلوے مزدوروں کے گھر کا چولہا جلتا ہے۔ دو ہزار قلیوں کو دینے کے لیے بھی حکومت اور ریلوے کے پاس کچھ نہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور ریلوے اسٹیشن پر قلیوں میں راشن اور امدادی رقوم کی تقسیم کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ریلوے پریم یونین کے قائد حافظ سلمان بٹ اور امیر جماعت اسلامی لاہو ر ڈاکٹر ذکر اللہ مجاہد بھی موجود تھے۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ حکمرانوں کے سوئے ہوئے ضمیر جاگ جائیں اور وہ مصیبت کی اس گھڑی میں عوام کے درمیان ہوں۔ حکمران ابھی تک میٹنگز سے باہر آنے کو تیار نہیں۔ امدادی پیکجز کے اعلانات ہوتے ہیں مگر ان پر عمل نہیں ہوتا۔ لاک ڈاﺅن کی وجہ سے عوام گھروں میں محصور ہیں۔ مزدروں، ریڑھی و رکشہ والوں اور خاص طور پر قلیوں کی طرح دیہاڑی داروں کے گھروں میں فاقوں کی نوبت آگئی ہے مگر حکومت ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھی ہے۔ عدالت نے بالکل ٹھیک ریمارکس دیئے ہیں کہ اب تک حکومت میٹنگوں اور اعلان کے سوا کچھ نہیں کر سکی۔
 
سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ جماعت اور الخدمت کے ہزاروں رضا کار شہر شہر اور گاﺅں گاﺅں جاکر مستحقین کی مدد کر رہے ہیں۔ ہم کسانوں مزدوروں رکشہ و ریڑھی والوں، فٹ پاتھ پر سونے والوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ہمار ے کارکنان مسلکی، علاقائی، لسانی تعصبات سے بالاتر ہوکر قوم کی خدمت کر رہے ہیں۔ مساجد کے ساتھ ساتھ پاکستان کی اقلیتی برادریوں کی عبادت گاہوں، مندروں، گوردواروں اور چرچز کی صفائی کررہے ہیں اور ان میں جراثیم کش سپر ے کیا جا رہا ہے۔ اقلیتی بھائیوں کے گھروں میں راشن پہنچا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا اس وقت قوم کو اسی سپرٹ اور جذبے کے ساتھ ایک دوسرے کا سہارا بننے کی ضرورت ہے۔ مخیر لوگ اپنے اردگرد موجود غریب و نادرا مستحقین کی ڈھارس بندھائیں انہیں روز مرہ استعمال کا سودا سلف خرید کر دیں۔


خبر کا کوڈ: 855326

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/855326/قوم-آٹا-چینی-بحران-کے-ذمہ-داروں-کیخلاف-آپریشن-کلین-اپ-چاہتی-ہے-سینیٹر-سراج-الحق

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org