QR CodeQR Code

تبلیغی جماعت کے غیر ذمہ دارانہ طرزعمل سے کرونا وائرس پھیلا، سنی اتحاد کونسل

8 Apr 2020 18:36

چیئرمین سنی اتحاد کونسل کا کہنا تھا کہ تبلیغی جماعت سمیت کوئی مقدس گائے نہیں، قوانین کی پابندی ہر جماعت اور ہر فرد کیلئے لازم ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سے وابستہ تمام افراد اپنی دو ماہ کی تنخواہ کرونا فنڈ میں جمع کروائیں، راشن کی تقسیم کے عمل کو شفاف اور سادہ بنانے کی ضرورت ہے۔


اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ چینی اور آٹا بحران کی تحقیقاتی رپورٹ حکومت کیخلاف فرد جرم ہے، رپورٹ میں ذمہ دار قرار دیئے گئے افراد کو سخت ترین سزائیں دی جائیں، حکومتی شخصیات کا سخت احتساب کر کے نئی مثال قائم کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ کرپٹ حکومتی شخصیات کو بچایا گیا تو عوام کا عمران خان پر اعتماد ختم ہو جائے گا، تبلیغی جماعت کے غیر ذمہ دارانہ طرزعمل سے کرونا وائرس پھیلا، یہ مسلمہ حقیقت ہے۔ تبلیغی جماعت سمیت کوئی مقدس گائے نہیں، قوانین کی پابندی ہر جماعت اور ہر فرد کیلئے لازم ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سے وابستہ تمام افراد اپنی دو ماہ کی تنخواہ کرونا فنڈ میں جمع کروائیں، راشن کی تقسیم کے عمل کو شفاف اور سادہ بنانے کی ضرورت ہے۔

لاہور میں کارکنوں سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس کی روک تھام کیلئے دینی طبقہ حکومت کیساتھ بھرپور تعاون کر رہا ہے، دینی طبقے پر بلاوجہ تنقید کرنیوالے دین بیزار ہیں، دینی طبقہ کیخلاف چلائی جانیوالی مہم افسوسناک ہے، مساجد کو کسی صورت بند نہیں ہونے دیں گے۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ سنی اتحاد کونسل نے مستحق خاندانوں تک راشن پہنچانے کیلئے ضلعی سطح پر کمیٹیاں قائم کر دی ہیں، راشن تقسیم کرنیوالے تمام افراد اور تنظیمیں لوگوں کی عزت نفس کا خیال رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ راشن کی تقسیم کی تصاویر بنانے پر پابندی عائد کی جائے، اس وقت اخوت و قربانی اور ایثار کے جذبے کو اپنانے اور پھیلانے کی ضرورت ہے، قوم کو خوف، مایوسی اور ہیجان سے نکالنے کیلئے مہم شروع کرنا ہو گی۔

صاحبزادہ حامد رضا کا کہنا تھا کہ اتحاد، تکجہتی، موثر منصوبہ بندی اور ہمت و حوصلے کے ہتھیاروں سے کرونا وائرس کو شکست دی جا سکتی ہے، بہت جلد زندگی پھر سے مسکرائے گی، موجودہ صورتحال نے دنیا بھر میں سرمایہ دارانہ نظام کی ناکامی ثابت کر دی ہے، دنیا کو نئے انسانیت نواز نظام کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھٹکی انسانیت کو اللہ کی طرف رجوع کرنا ہو گا، رجوع الی اللہ ہی ہر دکھ کی دوا اور ہر مسئلے کا حل ہے۔


خبر کا کوڈ: 855341

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/855341/تبلیغی-جماعت-کے-غیر-ذمہ-دارانہ-طرزعمل-سے-کرونا-وائرس-پھیلا-سنی-اتحاد-کونسل

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org