0
Wednesday 8 Apr 2020 21:01

کورونا وائرس کے پیش نظر سرینگر میں دینی اجتماعات پر پابندی

کورونا وائرس کے پیش نظر سرینگر میں دینی اجتماعات پر پابندی
اسلام ٹائمز۔ وادی کشمیر میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے بیچ شب برات پر انتظامیہ نے بڑے اجتماعات پر پابندی عائد کی ہے۔ اسلامی کلینڈر کے مطابق عالم اسلام میں 14 و 15 شعبان المعظم کو شب برات کا اہتمام کیا جاتا ہے اور مسلمانوں کے آخری امام حضرت امام مہدی (عج) کی ولادت باسعادت کا جشن منایا جاتا ہے۔ کورونا وائرس سے پیدا شدہ صورتحال کے مدنظر ضلع مجسٹریٹ سرینگر ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری نے سرینگر میں شب برات کے مقدس موقعہ پر تمام مذہبی اجتماعات اور عوامی نقل و حمل پر پابندی کے احکامات جاری کئے ہیں۔ حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ یہ پابندیاں 8 اور 9 اپریل کی درمیانی رات کے دوران جاری رہیں گی۔ اِس سلسلے میں حکمنامے کی خلاف ورزی کی پاداش میں متعلقہ لوگوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

درایں اثنا مقبوضہ کشمیر کے مفتی اعظم مفتی ناصر الاسلام نے ائمہ کرام کو مشورہ دیا ہے کہ مساجد کے لاؤڈ اسپیکروں سے درود و اذکار اور ختمات المعظمات بلند آواز میں پڑھیں اورلوگ سماجی دوری اختیار کرکے اپنے گھروں یا صحنوں میں شب خوانی کریں۔ شب خوانی کے دوران مسلمان مساجد، خانقاہوں اور آستانوں کے علاوہ گھروں میں درود و اذکار، قرآن خوانی اور ختمات المعظمات کی مجالس کا انعقاد کرکے اللہ کے حضور گناہوں کی بخشش کے لئے دست بہ دعا ہوتے ہیں۔ اس دوران مفتی اعظم مفتی ناصر الاسلام نے کہا ہے کہ محکمہ صحت کی طرف سے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے جو ہدایات جاری کی  ہیں، ان پر لوگوں کو عمل کرنا چاہیئے۔ انہوں نے تاہم ائمہ مساجد و خطباء حضرات کو مشورہ دیا ہے کہ بدھ کو نماز مغرب سے توبہ واستغفار کریں اور لوگ اپنے گھروں یا صحنوں میں جمع ہوکر اور اس عالمی وباء سے نجات کے لئے اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں دست بدعا ہوں۔
خبر کا کوڈ : 855456
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش