0
Thursday 9 Apr 2020 00:17

امام مہدی (عج) ہی عالم بشریت کیلئے نجات دہندہ ہیں، علامہ ناصر عباس جعفری

امام مہدی (عج) ہی عالم بشریت کیلئے نجات دہندہ ہیں، علامہ ناصر عباس جعفری
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری نے نیمہ شعبان شب برات کے مبارک موقع پر قوم کو حضرت امام مہدی عجل اللہ تعالیٰ علیہ کے یوم ولادت کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس رات کی مبارک ساعتوں کو عبادت میں بسر کرکے اپنے گناہوں کی بخشش، ملک و قوم کی سلامتی اور کورونا کی وباء کے خاتمے کے لئے دعائیں مانگی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ شب برات میں عبادات کی انجام دہی میں ان تدابیر کو نظر انداز نہ کیا جائے، جن پر حکومت کی طرف سے عمل کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں، شب برات اللہ تعالیٰ کی طرف سے مومنین کے لئے وہ خاص رات ہے، جس میں لوگوں کے رزق اور تقدیر کے تعین کی روایات موجود ہیں، لہذا اس رات کو غیر ضروری اور دنیاوی مصروفیات میں ضائع کرنے کی بجائے اللہ تعالیٰ، رسول کریم اور اہل بیت اطہار علیہم السلام کا قرب حاصل کرنے کے لئے ذکر و اذکار میں گزارنی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ امام مہدی عجل اللہ فرجہ کے ظہور میں تعجیل کے لئے ہم سب کے ہاتھ سر بلند رہنے چاہیئے، امام مہدی (عج) ہی عالم بشریت کے لئے نجات دہندہ ہیں۔

علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ آج امت مسلمہ جس زوال و ذلت کا شکار ہے، اس کا بنیادی سبب اس فکری تربیت کا فقدان ہے، جس کا درس آل رسول علیھم السلام کے گھرانے نے دیا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے دیگر مذاہب کا بھی اس حقیقت پر کامل یقین ہے کہ جب دنیا گناہوں سے بھر جائے گی تو ایک نجات دہندہ کی آمد ہوگی، مسلمانوں کے اس عقیدے کو غیر مسلموں کی طرف سے بھی تسلیم کیا جانا اس کے سچا ہونے کی ایک دلیل ہے۔ انہوں نے کہا ہماری قوم نیمہ شعبان کی رات اپنے وقت کے امام کو اس انداز سے پکارے جیسے وہ انہیں اپنے سامنے دیکھ رہی ہے، یہ معرفت اور یہی اعتقاد ہمیں گناہوں سے دور اور اپنے امام کے قریب کر دے گا، امام مہدی علیہ السلام کی ذات اقدس مستضعفین جہاں کے لئے امید کا مرکز و محور ہے۔
خبر کا کوڈ : 855497
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش