0
Thursday 9 Apr 2020 05:36

کرونا وائرس، یمن کیخلاف جاری جنگ آج سے عارضی طور پر روک دی جائیگی، سعودی فوجی اتحاد

کرونا وائرس، یمن کیخلاف جاری جنگ آج سے عارضی طور پر روک دی جائیگی، سعودی فوجی اتحاد
اسلام ٹائمز۔ کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے باعث پوری دنیا میں جاری جنگوں کے فی الفور روک دینے کے اقوام متحدہ کے متعدد مطالبوں کے جواب میں جارح سعودی فوجی اتحاد نے اعلان کیا ہے کہ یمن پر مسلط کردہ سعودی جنگ کو آج سے عارضی طور پر روک دیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق بین الاقوامی خبررساں ایجنسی رائٹرز نے اطلاع دی ہے کہ سعودی حکام نے کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے باعث آج سے یمن پر مسلط کردہ جنگ کے حوالے سے عارضی سیز فائر کا اعلان کیا ہے جو آئندہ 2 ہفتوں تک جاری رہے گا۔

واضح رہے کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گیوٹرش نے گزشتہ 2 ہفتوں کے دوران پوری دنیا میں جاری جنگوں کو دنیا بھر میں پھیلتے کرونا وائرس سے مقابلے کی خاطر فی الفور روک دینے کا مطالبہ کیا تھا جس پر یمنی حکام کی طرف سے فوری طور پر مثبت ردعمل سامنے آیا تھا تاہم سعودی حکام عارضی جنگ بندی کے لئے اپنی شرائط منوانے پر مصر تھے۔ قبل ازیں یمنی حکومت نے سیز فائر پر عملدرآمد کی اپنی آمادگی کا اعلان کرتے ہوئے متعدد بار یمن کے سرحدی محاصرے کے خاتمے کا مطالبہ بھی کیا تھا تاکہ یمنی مریضوں کو علاج معالجے کے لئے بیرون ملک لیجایا اور ملک کے اندر خوراک و ادویات کی کمی کو پورا کیا جا سکے۔

یاد رہے کہ امیر ترین مسلم ملک سعودی عرب کی طرف سے غریب ترین مسلم ملک یمن پر سال 2015ء سے خوفناک جنگ مسلط کی گئی ہے جس کے باعث ہزاروں بیگناہ یمنی شہری شہید اور لاکھوں زخمی ہو چکے ہیں۔ مسلط کردہ سعودی جنگ اور سخت ترین سرحدی محاصرے کے باعث نہ صرف یمن کا تمام انفراسٹرکچر، صحت اور مواصلات کا نظام درہم برہم ہو چکا ہے بلکہ یمنی عوام کو خوراک و ادویات کی قلت کے باعث تاریخ کے بدترین انسانی بحران کا بھی سامنا ہے۔ اس حوالے سے عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں کا کہنا ہے کہ اگر 80 فیصد یمنی عوام کو فوری طور پر انسانی امداد مہیا نہ کی گئی تو وہاں انسانی تاریخ کا بدترین المیہ وقوع پذیر ہو جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 855505
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش