QR CodeQR Code

برنی سینڈرز امریکی صدارتی امیدوار کی دوڑ سے دستبردار

9 Apr 2020 07:01

غیر ملکی ایجنسیوں کی رپورٹس کے مطابق برنی سینڈرز کو ڈیموکریٹس کے امیدوار کے لیے مضبوط سمجھا جاتا تھا لیکن دستبرداری کا مطلب ہے کہ وہ جوبائیڈن کو خود سے بہتر امیدوار سمجھتے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف ڈیموکریٹس کے امیدوار کی دوڑ میں شامل برنی سینڈرز دستبردار ہو گئے ہیں جس کے بعد سابق نائب صدر جوبائیڈن مضبوط امیدوار بن گئے ہیں۔ غیر ملکی ایجنسیوں کی رپورٹس کے مطابق برنی سینڈرز کو ڈیموکریٹس کے امیدوار کے لیے مضبوط سمجھا جاتا تھا لیکن دستبرداری کا مطلب ہے کہ وہ جوبائیڈن کو خود سے بہتر امیدوار سمجھتے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق امریکی ریاست ورمونٹ سے منتخب سینیٹر ابتدائی طور پر 2016ء میں بھی ڈیموکریٹس کے مضبوط امیدوار کے طور سامنے آئے تھے لیکن وہ بھرپور حمایت حاصل کرنے میں ناکام رہے۔ امریکا کے 78 سالہ سینیٹر نے جب حالیہ مہم شروع کی تھی تو سوال کیا جا رہا تھا کہ کیا وہ گزشتہ مہم میں ہیلری کلنٹن کے مقابلے میں سامنے لانے والی پارٹی کی اس انتظامیہ کی حمایت دوبارہ حاصل کرپائیں گے یا نہیں۔

خیال رہے کہ 2016 میں 22 ریاستوں سے امیدوار کے لیے کامیابی حاصل کرنے کے باوجود انہیں صدارتی امیدوار کے لیے نامزد ہونے کی ضمانت نہیں دی جا سکتی تھی جس کی ایک وجہ معمر ترین امیدوار ہونا بھی تھا۔ تاہم انہوں نے ایسی زبردست مہم چلائی تھی جس کے باعث نوجوان ووٹرز کی حمایت حاصل کر لی تھی، وہ افریقی نژاد امریکی برادری سمیت مختلف برداریوں کو بھی اپنے حق میں کرنے میں کامیاب ہوئے تھے۔ ڈیموکریٹ کے امیدوار جوبائیڈن نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بیان میں برنی سینڈرز کے فیصلے کی تعریف کی۔جو بائیڈن نے ووٹرز پر زور دیا کہ وہ سینڈرز کو ان کی مہم میں شامل ہونے کے لیے تیار کریں۔


خبر کا کوڈ: 855517

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/855517/برنی-سینڈرز-امریکی-صدارتی-امیدوار-کی-دوڑ-سے-دستبردار

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org