1
Thursday 9 Apr 2020 12:08

حکومت کے احساس پروگرام کا آج سے آغاز

حکومت کے احساس پروگرام کا آج سے آغاز
اسلام ٹائمز۔ پاکستان بھر میں آج سے حکومت کے احساس پروگرام کا آغاز ہوگا اور مستحق خاندانوں میں امدادی رقم تقسیم ہوگی۔ احساس پروگرام کے تحت مستحقین کے لئے مختلف سرکاری اسکولز میں سینٹرز قائم کیے گئے ہیں جو صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک کھلے رہیں گے، امدادی رقوم کی تقسیم کے لئے محکمہ تعلیم سمیت بینک کا عملہ تعینات ہے، ہر مستحق خاندان کو بائیومیٹرک تصدیق کے بعد 12000 روپے کی امدادی رقم دی جائے گی، مستحقین خواتین کی سہولت کے لیے ان کے گھروں کے قریب سینٹر بنائے گئے ہیں۔
 
حکومت کے قائم کردہ مراکز اور نجی بینک کے اے ٹی ایمز کے ذریعے یہ رقم ملے گی۔ حکام کے مطابق احساس پروگرام کی شفافیت کو برقرار رکھنے کے لئے اور کورونا وائرس سے محفوظ رہنے کے لئے تمام اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ امداد کے حصول کے لئے 8171 پر ایس ایم ایس سروس کے ذریعے اب تک 4 کروڑ چالیس لاکھ پیغامات موصول ہو چکے ہیں۔ ملک بھر میں 17 ہزار مقامات سے رقوم دی جائیں گی، پہلے مرحلہ میں 23 لاکھ خاندانوں کو امداد دی جائے گی، اگلے اڑھائی ہفتے تک 144 ارب روپے تقسیم کئے جائیں گے، مجموعی طور پر ایک کروڑ 20 لاکھ خاندانوں کو اس پروگرام کے تحت پیسے فراہم کیےجائیں گے۔
 
وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ احساس پروگرام میں کسی قسم کی سیاسی مداخلت نہیں ہے، احساس امدادی پروگرام کے تحت ہر خاندان میں سے ایک فرد کو یہ امداد ملے گی، کورونا ریلیف ٹائیگر فورس ضلع، تحصیل اور یونین کونسل کی سطح پر کام کرے گی، وہ غریبوں کی نشاندہی کرے گی اور ان کی مشکلات کے ازالہ میں تعاون فراہم کرے گی۔
خبر کا کوڈ : 855578
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش