0
Thursday 9 Apr 2020 15:24
دنیا بھر میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 88 ہزار سے تجاوز کر گئی

پاکستان میں کورونا مریضوں کی تعداد 4414 ہو گئی، 63 افراد جاں بحق، 572 صحتیاب

پاکستان میں کورونا مریضوں کی تعداد 4414 ہو گئی، 63 افراد جاں بحق، 572 صحتیاب
اسلام ٹائمز۔  پاکستان میں کورونا وائرس کے سبب 63 افراد ہلاک اور 4414 متاثر ہو چکے ہیں جب کہ 31 کی حالت تشویشناک ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 248 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ پنجاب سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے جہاں کورونا کے 2171 مریض ہیں۔ سندھ 1128 اور خیبر پختونخوا میں 560 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔ صوبہ بلوچستان میں 212 اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 102 مریض موجود ہیں۔ گلگت بلتستان میں 213 اور آزاد کشمیر میں 28 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں۔ پاکستان میں مجموعی طورپر کورونا کے 572مریض صحتیاب ہوئے ہیں۔ کورونا وائرس  سے سندھ میں 20، پنجاب 17، خیبرپختونخوا 20، اسلام آباد 1، بلوچستان 2 اور گلگت بلتستان میں 3 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق پاکستان میں کورونا کے 56فیصد مریض بیرون ملک سے آئے ہیں اور 44 فیصد مقامی ہیں۔ گزشتہ24 گھنٹوں کے دوران 2737 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے ہیں اور مجموعی طور پر44896 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے۔  پاکستان میں کورونا کے 31مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ ملک بھر میں 462 اسپتالوں میں آئی سولیشن کی سہولت موجود ہے جن میں 7295 بیڈز موجود ہیں۔ اس وقت تک 328 قرنطینہ مراکز قائم کیے گئے ہیں جن میں 17884 مریضوں کو رکھا گیا ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق آٹھ ہزار 493 افراد کوگھروں میں قرنطینہ کی سہولت دی گئی ہے۔ پاکستان میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ کم سے کم کرنے کے لیے جزوی لاک ڈاؤن کیا گیا ہے۔ ملک میں عوامی اجتماعات پر مکمل پابندی عائد ہے اور تعلیمی ادارے بند ہیں۔

دوسری جانب دنیا بھر میں کورونا وائرس سے اب تک متاثرہ افراد کی تعداد 15 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے جب کہ 88550 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ کورونا وائرس نے دنیا بھر میں نہ صرف تباہی مچا رکھی ہے بلکہ انتہائی تیزی کے ساتھ بڑھ رہا ہے، جان لیوا وائرس سے اب تک 88550 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جب کہ متاثرہ افراد کی تعداد 1519571 تک پہنچ چکی ہے۔ کورونا وائرس کے باعث اب تک سب سے زیادہ اموات اٹلی میں ہوئی ہیں جہاں تعداد 17 ہزار 669 ہو گئی ہے جب کہ اسپین میں 14 ہزار 792 افراد لقمہ اجل بن گئے ہیں۔ کورونا وائرس نے سُپر پاور امریکا کی چولیں ہلا دی ہیں، امریکا میں مسلسل تیسرے روز ہلاکتوں میں ریکارڈ اضافہ دیکھا گیا اور 24 گھنٹوں کے دوران مزید 1973 افراد ہلاک ہوگئے ہیں ،جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 14797 تک پہنچ گئی ہے۔

امریکا دنیا بھر میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک ہے جہاں متاثرین کی کل تعداد 431838 ہے۔ دوسری جانب فرانس میں 10 ہزار 869 افراد وائرس کے ہاتھوں موت کی وادی میں جا چکے ہیں جب کہ برطانیہ میں بھی  اموات 7 ہزار سے تجاوز کر چکی ہیں اور 60 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ کورونا وائرس سے متاثر برطانوی وزیراعظم بورس جانسن بدستور انتہائی نگہداشت یونٹ میں زیر علاج ہیں تاہم ان کی حالت اب مستحکم بتائی جا رہی ہے۔  کورونا وائرس کے باعث نیدرلینڈز میں 2 ہزار 248، جرمنی میں 2349 جب کہ بیلجیم میں 2040 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ ترکی میں بھی وائرس سے 812، سویڈن میں 687، پرتگال میں 380 اور برازیل میں 819 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 855618
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش