QR CodeQR Code

جو ڈر تھا وہی ہوگیا، ایک ہی خاندان کے سات افراد میں کورونا ظاہر ہوا ہے، وزیراعلیٰ سندھ

9 Apr 2020 17:52

میڈیا رپورٹس کے مطابق اپنے ویڈیو پیغام میں مراد علی شاہ نے کہا کہ کچی آبادی میں رہنے والے بہن بھائیوں سے گذارش ہے راشن اور امداد ضرور لیں لیکن راشن اور امداد کے ساتھ کورونا وائرس گھر نہ لے جائیں، راشن یا امداد لیتے وقت ایک دوسرے سے فاصلہ ضرور اختیار کریں۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ مجھے جس چیز کا ڈر تھا، آج افسوس کیساتھ وہی ہوگیا، ایک ہی خاندان کے سات افراد میں کورونا ظاہر ہوا ہے، ضلع سینٹرل کراچی کی کچی آبادی میں فیملی کا سربراہ باہر سے وائرس لیکر گھر گیا، پورے خاندان بشمول ایک سال کا بیٹا اور 6 سال کی بیٹی میں تصدیق ہوئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اپنے ویڈیو پیغام میں مراد علی شاہ نے کہا کہ کچی آبادی میں رہنے والے بہن بھائیوں سے گذارش ہے راشن اور امداد ضرور لیں لیکن راشن اور امداد کے ساتھ کورونا وائرس گھر نہ لے جائیں، راشن یا امداد لیتے وقت ایک دوسرے سے فاصلہ ضرور اختیار کریں، گذشتہ 24 گھنٹوں میں ہم نے 642 ٹیسٹ کئے ہیں، مزید 92 کیسز ظاہر ہوئے ہیں، اس وقت سندھ میں کورونا کیسز کی تعداد 1128 ہے، سندھ میں 349 مریض صحتیاب ہوئے ہیں جو متاثرہ افراد کا 31 فیصد ہے۔

انہوں نے کہا کہ گذشتہ 24 گھنٹوں میں ایک ہلاکت ہوئی ہے اس طرح تعداد 21 ہوگئی ہے، کورونا کے سبب ہلاک ہونے والوں کی شرح 1.8 فیصد ہے، ایران سے 4 قسطوں میں 1380 لوگ آئے تھے جن کو سکھر میں رکھا گیا تھا، زائرین میں سے 280 پازیٹو آئے تھے، ان میں 242 ٹھیک ہوکر اپنے گھروں میں چلے گئے ہیں، اس وقت سکھر میں 38 زائرین زیر علاج ہیں، اس وقت گھروں میں 436 زیرعلاج ہیں، جب کہ اسپتالوں 59 مریض زیر علاج ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ  ایک خبر پھیلی ہوئی ہے کہ لوگ مجبور ہوکر خودکشیاں کر رہے ہیں جو بلکل بے بنیاد ہے، عوام تکلیف میں ضرور ہے مگر ان کی حکومت ان کا بھرپور ساتھ دے رہی ہے، جب لاک ڈاؤن ختم ہوگا تو زندگی نئے اصولوں کے ساتھ شروع ہوگی، آپ سب کو اپنی اور اپنے خاندان کی صحت کا بھرپور خیال رکھنا ہوگا۔


خبر کا کوڈ: 855632

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/855632/جو-ڈر-تھا-وہی-ہوگیا-ایک-ہی-خاندان-کے-سات-افراد-میں-کورونا-ظاہر-ہوا-ہے-وزیراعلی-سندھ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org