QR CodeQR Code

ملک میں موجودہ صورتحال سماجی ایمرجنسی ہے، نریندر مودی

9 Apr 2020 21:05

بھارتی وزیر اعظم نے کہا کہ ان بدلتے ہوئے حالات میں ملک کو اپنی کام کی ثقافت اور کام کے انداز میں تبدیلی لانے کی کوشش کرنی چاہیئے۔


اسلام ٹائمز۔ بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی نے کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا صورتحال کو سماجی ایمرجنسی قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کئی ریاستی حکومتوں، ضلع انتظامیہ اور ماہرین نے لاک ڈاؤن کی مدت بڑھانے کو کہا ہے تاہم حتمی فیصلہ لینے سے قبل وزرائے اعلیٰ سے بھی مشاورت ہوگی۔ نریندر مودی نے بھارت میں کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا صورتحال پر سیاسی جماعتوں کے قانون ساز جماعتوں کے رہنماؤں کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کے ذریعے ایک میٹنگ میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ ملک میں سماجی ایمرجنسی جیسی صورتحال ہے اور اس کے پیش نظر حکومت کو کئی سخت فیصلے کرنے پڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اب بھی مکمل طور محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔

نریندر مودی نے کہا کہ مختلف ریاستی حکومتوں، ضلع انتظامیہ اور ماہرین نے لاک ڈاؤن کی مدت بڑھانے کو کہا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ کورونا وبا کی وجہ سے بھارت میں 21 دن کا لاک ڈاؤن کیا گیا ہے، جس کی مدت 14 اپریل کو ختم ہونی ہے۔ مودی نے کہا کہ پوری دنیا کورونا وائرس کے شدید چیلنج کا سامنا کر رہی ہے۔ موجودہ صورتحال کو انسانی تاریخ میں بدلتے واقعات کا آغاز قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس کے اثرات سے نمٹنے کے لئے ہمیں نئے حل تلاش کرنے ہوں گے۔ کورونا سے نمٹنے کے لئے مرکز اور ریاستوں کی تال میل کی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس سے ملک تخلیقی اور مثبت سیاست کا گواہ بنا ہے جس میں تمام طبقات کے جماعتوں نے متحد ہوکر کام کیا ہے۔

مودی نے کہا کہ محدود وسائل میں بھی ملک نے اس بحرانی صورتحال کا سامنا کیا ہے اور ہندوستان ان چند گنے چنے ممالک میں شامل ہے جس نے ابھی تک وائرس انفیکشن کی رفتار پر قابو کیا ہے۔ انہوں نے آگاہ کیا کہ حالات مسلسل تبدیل ہو ر ہے ہیں اور ہمیشہ چوکس رہنے کی ضرورت ہے۔ بھارتی وزیر اعظم نے کہا کہ ان بدلتے ہوئے حالات میں ملک کو اپنی کام کی ثقافت اور کام کے انداز میں تبدیلی لانے کی کوشش کرنی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی ترجیح ہر ایک شخص کی جان بچانا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کورونا کی وجہ سے ملک شدید اقتصادی چیلنج کا سامنا کر رہا ہے اور حکومت اس کا مقابلہ کرنے کے لئے مصروف عمل ہے۔


خبر کا کوڈ: 855656

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/855656/ملک-میں-موجودہ-صورتحال-سماجی-ایمرجنسی-ہے-نریندر-مودی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org