0
Thursday 9 Apr 2020 20:25

جیلوں میں قیدیوں کو کورونا سے بچانے کیلئے انتظامات کرلئے ہیں، راجہ بشارت

جیلوں میں قیدیوں کو کورونا سے بچانے کیلئے انتظامات کرلئے ہیں، راجہ بشارت
اسلام ٹائمز۔ صوبائی وزیر قانون، پارلیمانی امور و سوشل ویلفیئر راجہ بشارت نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر صوبہ کی تمام جیلوں میں کورونا وائرس سے بچاو کیلئے اقدامات مزید سخت کر دیئے گئے ہیں اور قیدیوں کی سکریننگ کیساتھ جہاں ضروری ہو وہاں پی سی آر ٹیسٹ بھی کیا جا رہا ہے۔ صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت نے بتایا کہ جیلوں میں قیدیوں کی تعداد اور گنجائش کو مد نظر رکھتے ہوئے ان کا ٹرانسفر پلان ترتیب دیا گیا ہے جس کے مطابق 3500 قیدیوں کو مختلف جیلوں میں شفٹ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پنجاب میں قیدیوں کی کل تعداد 45 ہزار 535 ہے جن میں سے انڈر ٹرائل قیدیوں کی تعداد 25 ہزار 708 ہے اور ان میں 713 خواتین قیدی ہیں۔ وزیر قانون نے کہا کہ نئے آنیوالے قیدیوں کے ٹیسٹ کئے جاتے ہیں اور ان کو 14دن کیلئے قرنطینہ سنٹر میں رکھا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کی تمام ڈسٹرکٹ جیلوں میں کورونا وارڈز قائم کرنے کیساتھ ساتھ داخلی دروازوں پر کورونا کاونٹرز بھی قائم کر دیئے گئے ہیں۔ جہاں تمام آنیوالوں کو چیکنگ کے بعد اندر جانے دیا جاتا ہے۔ راجہ بشارت نے کہا کہ جیل میں موجود تمام میڈیکل سٹاف کو کورونا کے حوالے سے خصوصی ٹریننگ دلوائی گئی ہے اور تمام ڈاکٹرز کو پرسنل پروٹیکشن کٹس فراہم کر دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جونہی کورونا وائرس کا خطرہ سامنے آیا، قیدیوں کی ملاقاتوں اور عدالتوں میں پیشی پر فوری پابندی لگا دی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ جیلوں میں ڈیوٹی پر تعینات عملے کو جیل سے باہر جانے کی اجازت نہیں نیز قیدیوں کی ایک بیرک سے دوسری بیرک میں جانے یا کسی قسم کے اجتماع پر بھی پابندی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جیل سٹاف اور قیدیوں کو عالمی ادارہء صحت کی ہدایات کے مطابق کورونا سے بچاو کی حفاظتی تدابیر سے آگاہی بھی فراہم کی گئی ہے۔
خبر کا کوڈ : 855660
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش