QR CodeQR Code

پاکستان کے زر مبادلہ کے ذخائر تیزی سے کم ہونے لگے

9 Apr 2020 21:24

اسٹیٹ بینک کے اعداد و شمار کے مطابق 6 مارچ سے 3 اپریل کے دوران زرمبادلہ کے سرکاری ذخائر 2 ارب 6 کروڑ 74 لاکھ ڈالر تک کم ہو چکے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ لاک ڈاؤن اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات کی آمد میں کمی کے باعث زرمبادلہ کے ذخائر تیزی سے کم ہونے لگے۔ تفصیلات کے مطابق شرح سود میں کمی کے سبب ٹریژری بلز میں کی جانے والی غیر ملکی سرمایہ کاری کے انخلاء، لاک ڈاؤن اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات کی آمد میں کمی کے باعث زرمبادلہ کے ذخائر تیزی سے کم ہونے لگے، جبکہ غیر ملکی قرضوں کی ادائیگی کی وجہ سے زرمبادلہ کے سرکاری ذخائر پر دباؤ بڑھ رہا ہے۔ اسٹیٹ بینک کے اعداد و شمار کے مطابق 6 مارچ سے 3 اپریل کے دوران زرمبادلہ کے سرکاری ذخائر 2 ارب 6 کروڑ 74 لاکھ ڈالر تک کم ہو چکے ہیں۔

تین اپریل کو ہفتہ کے اختتام پر سرکاری ذخائر کی مالیت 10 ارب 72 کروڑ 25 لاکھ ڈالر کی سطح پر آگئے۔ اس عرصہ کے دوران کمرشل بینکوں کے ذخائر میں 15 کروڑ 10 لاکھ ڈالر کا اضافہ ہوا اور کمرشل بینکوں کے ذخائر 6 ارب 26 کروڑ 57 لاکھ ڈالر کی سطح پر آگئے۔ زرمبادلہ کے مجموعی ذخائر کی مالیت 6 مارچ سے 3 اپریل کے دوران ایک ارب 91 کروڑ 64 لاکھ ڈالر کی کمی واقع ہوئی ہے اور مجموعی ذخائر 16 ارب 98 کروڑ 82 لاکھ ڈالر کی سطح پر آگئے۔


خبر کا کوڈ: 855671

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/855671/پاکستان-کے-زر-مبادلہ-ذخائر-تیزی-سے-کم-ہونے-لگے

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org