QR CodeQR Code

ارباب اقتدار سے اپیل کرتا ہوں کہ خدمت خلق فاؤنڈیشن پر غیر اعلانیہ پابندی ہٹائی جائے، علامہ شہنشاہ نقوی

10 Apr 2020 02:30

ایم کیو ایم کے فلاحی ادارے کے دورے پر معروف عالم دین نے کہا کہ میں نے بہت قریب سے جاننے کی کوشش کی، ایم کیو ایم کے فلاحی ادارے خدمت خلق فاؤنڈیشن کا نطم و ضبط اور خاص طور پر سادات کیلئے جو کے کے ایف کی خدمات اور بندوبست ہے وہ قابل تحسین ہے، یہ ادارہ ہمیشہ سے خدمت کرتا چلا آرہا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے فلاحی ادارے خدمت خلق فاؤنڈیشن کے صدر دفتر پر معروف عالم دین علامہ شہنشاہ نقوی کی آمد۔  ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے انکا استقبال کیا۔ اس موقع پر خدمت خلق فاؤنڈیشن کے صدر دفتر میں ایم کیو ایم کے سینئر ڈپٹی کنوینر عامر خان، ڈپٹی کنوینر کنور نوید جمیل، ڈپٹی کنوینر و میئر کراچی وسیم اختر، اراکین رابطہ کمیٹی سید امین الحق، فیصل سبزواری و دیگر موجود تھے۔ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے علامہ شہنشاہ نقوی کو خدمت خلق فاؤنڈیشن کے گودام کا دورہ کروایا، جہاں پرکورونا وائرس کے باعث لاک ڈاؤن کے متاثرین کیلئے راشن اور غذائی اجناس تیار کیا جارہا تھا اور دوسری جانب کے کے ایف کے رضاکار سینیٹائزر کی بوتلیں بھی بھر رہے تھے۔

ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے علامہ شہنشاہ نقوی کی آمد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم اور خدمت خلق فاؤنڈیشن کی جانب سے تمام مخیر حضرات کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ ایک ایسے چیلنج کے وقت میں جب قوم کو ان کی ضرورت تھی، کورونا وائرس کے لاک ڈاؤن کے سبب انسانی المیہ جنم لے رہا تھا ان لوگوں نے مدد کی۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت مندوں کو راشن پہنچانے کی ذمہ داری لی تھی اور اس حوالے سے کراچی بھر کے تمام ایسے مخیر حضرات جو کہ مسلسل ہماری مدد کر رہے ہیں اور ان کے علاوہ کچھ ایسے لوگ جو پاکستان کے دوسرے حصوں میں ایسے مخیر حضرات ہیں جنہوں نے ہماری مدد کی ہے، آج کے پیغام میں ان کا شکریہ ادا کرنا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان اور اس کا فلاحی ادارہ KKF بلا کسی رنگ و نسل، مذہب و زبان کے لاک ڈاؤن کے باعث جو گھرانے متاثر ہوئے ہیں انکی رات کی تاریکی میں مدد کررہی ہے۔

علامہ شہنشاہ نقوی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ کورونا وائرس ایک عالمی مسئلہ ہے، یہ کوئی سیاسی اور مذہبی مسئلہ نہیں بلکہ انسانی جانوں کا مسئلہ ہے، میں نے بہت قریب سے جاننے کی کوشش کی، ایم کیو ایم کے فلاحی ادارے خدمت خلق فاؤنڈیشن کا نطم و ضبط اور خاص طور پر سادات کیلئے جو کے کے ایف کی خدمات اور بندوبست ہے وہ قابل تحسین ہے، یہ ادارہ ہمیشہ سے خدمت کرتا چلا آرہا ہے۔ علامہ شہنشاہ نقوی نے مخیر حضرات سے اپیل کی کہ سادات کیلئے اپنی زکوۃ، صدقات اور خیرات سے ہٹ کر ان کے لئے عطیات دیں کیونکہ سادات پر زکواۃ اور صدقات واجب نہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہاں خدمت خلق فاؤنڈیشن کے دفتر میں ایک چیز دیکھ رہا ہوں کہ کافی تعداد میں ایمبولینس خستہ حالت میں کھڑی ہوئی ہیں، میں ارباب اقتدار سے اپیل کرتا ہوں کہ خدمت خلق فاؤنڈیشن پر غیر اعلانیہ پابندی ہٹائی جائے اور ان کو بھی بھرپور خدمت کرنے کا موقع دیا جائے۔


خبر کا کوڈ: 855714

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/855714/ارباب-اقتدار-سے-اپیل-کرتا-ہوں-کہ-خدمت-خلق-فاؤنڈیشن-پر-غیر-اعلانیہ-پابندی-ہٹائی-جائے-علامہ-شہنشاہ-نقوی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org