QR CodeQR Code

تبلیغی جماعت کے ساتھ مزید زیادتی برداشت نہیں

جمعتہ المبارک کے موقع پر کسی مسجد کو سیل نہیں ہونے دیں گے، راشد محمود سومرو

10 Apr 2020 02:51

کراچی پولیس چیف سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے جے یو آئی رہنما نے کہا کہ تبلیغی جماعتوں کو بے یار و مددگار چھوڑ کر سندھ بھر کے مختلف محلوں اور گوٹھوں میں قید کرکے ان سے ہتک آمیز رویہ اختیار کیا گیا، جمعیت علما اسلام اور مذہبی حلقوں کی جانب سے اتنے تعاون کے باوجود یہ صورتحال ہمارے لئے افسوسناک تھی۔


اسلام ٹائمز۔ جمعتہ المبارک کے موقع پر کسی مسجد کو سیل نہیں ہونے دیں گے، تبلیغی جماعت کے ساتھ مزید زیادتی کسی صورت برداشت نہیں۔ ان خیالات کا اظہار جمعیت علماء اسلام صوبہ سندھ کے سیکرٹری جنرل مولانا راشد محمود سومرو نے جے یو آئی کے ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ آئی جی سندھ پولیس مشتاق مہر سے ان کے دفتر میں ملاقات کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر صوبائی نائب امیر مولانا عبدالکریم عابد، صوبائی ڈپٹی سیکرٹری جنرل محمد اسلم غوری، صوبائی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات محمد سمیع الحق سواتی بھی ان کے ہمراہ تھے۔ مولانا راشد محمود سومرو نے آئی جی سندھ سے واضح طور پر کہا کہ جمعیت علماء اسلام کورونا وائرس کے بعد سے پیدا شدہ صورتحال پر حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے ہر ممکن تعاون کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے علماء کرام کے متفقہ اعلامیہ کے روشنی میں آئمہ کرام کو محدود اجتماعات کا پابند بنایا، عوام کو مساجد میں آنے سے روکنا علماء کرام یا مساجد انتظامیہ کی ذمہ داری نہیں تھی لیکن اس کے باوجود جمعہ اجتماعات کی پاداش میں مساجد کو سیل کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ آئمہ کرام پر ایف آئی آر درج ہوئیں انہیں ہتھکڑیاں تک پہنائی گئیں، تبلیغی جماعتوں کو بے یار و مددگار چھوڑ کر سندھ بھر کے مختلف محلوں اور گوٹھوں میں قید کرکے ان سے ہتک آمیز رویہ اختیار کیا گیا، جمعیت علما اسلام اور مذہبی حلقوں کی جانب سے اتنے تعاون کے باوجود یہ صورتحال ہمارے لئے افسوسناک تھی، اس کے باوجود ہم نے جمعیت علماء اسلام کے کارکنان کے صبر کا پیمانہ لبریز نہیں ہونے دیا لیکن مزید اس طرح کے اقدامات برداشت نہیں کئے جائیں جائیں گے۔ آئی جی سندھ مشتاق مہر نے جے یو آئی وفد کے مطالبات کے ساتھ اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ جمعیت علماء اسلام سمیت مذہبی طبقے کا سندھ میں تعاون ہمارے ساتھ مثالی رہا۔ انہوں نے کہا کہ آئمہ کرام پر تمام ایف آئی آر ختم کردی گئیں ہیں، کوشش کررہے ہیں کہ مزید کوئی ناخوشگوار واقعہ نہ ہو۔

مساجد میں محدود جمعہ اجتماعات پر اتفاق کرتے ہوئے آئی جی سندھ مشتاق مہر نے مولانا راشد سومرو کو یقین دلایا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے آئمہ کرام کیساتھ تعاون کریں گے۔ مولانا راشد سومرو نے کہا کہ سندھ بھر کے قرنطینہ مراکز یا دیگر مقامات پر موجود تبلیغی جماعتوں کے فوری کورونا ٹیسٹ لئے جائیں، جن کے ٹیسٹ لئے جاچکے ہیں اور نیگیٹو ہیں یا مقررہ عرصے سے زیادہ عرصہ قرنطینہ مراکز یا دیگر مقامات پر گزار چکے ہیں انہیں فوری گھروں کو روانگی کی اجازت دی جائے۔ مولانا راشد سومرو نے آئمہ کرام سے اپیل کی کہ علماء کرام کے متفقہ اعلامیہ کی روشنی میں محدود اجتماعات کیساتھ جمعہ کی نماز ادا کریں، کہیں بھی مساجد سیل نہیں ہوگی اور نہ ہی کسی امام کیخلاف مقدمہ درج ہوگا۔


خبر کا کوڈ: 855716

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/855716/جمعتہ-المبارک-کے-موقع-پر-کسی-مسجد-کو-سیل-نہیں-ہونے-دیں-گے-راشد-محمود-سومرو

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org