1
Friday 10 Apr 2020 03:38

عراقی وزارت عظمیٰ کیلئے مصطفیٰ الکاظمی کی نامزدگی درست رستے میں صحیح قدم ہے، ایران

عراقی وزارت عظمیٰ کیلئے مصطفیٰ الکاظمی کی نامزدگی درست رستے میں صحیح قدم ہے، ایران
اسلام ٹائمز۔ ایرانی وزارت خارجہ کی طرف سے عراقی وزارت عظمیٰ کے نئے نامزد امیدوار مصطفیٰ الکاظمی کی نامزدگی کا خیرمقدم کیا گیا ہے۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان سید عباس موسوی نے اپنی پریس کانفرنس کے دوران اس حوالے سے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے ہمیشہ سے عراق کی خود مختاری، قومی حاکمیت، جغرافیائی سالمیت اور سیاسی استحکام کی حمایت کی ہے اور ایران کی نظر میں عراق کی تمام سیاسی جماعتوں کے درمیان جمہوری طریقے سے حاصل ہونے والا اتفاق نظر ہی اختلافات کے پرامن حل کا واحد رستہ ہے۔ لہذا ایران تمام عراقی سیاسی جماعتوں کے درمیان جناب مصطفیٰ الکاظمی کی وزارت عظمیٰ کے لئے نامزدگی کے ہونے والے فیصلے کا خیرمقدم کرتا ہے اور اسے درست رَستے میں ایک صحیح قدم سمجھتا ہے۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان سید عباس موسوی نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران جناب مصطفی الکاظمی کی کامیابی کا دعاگو اور امیدوار ہے کہ وہ اپنی حکومتی کابینہ کی تشکیل میں عراقی عوام اور عراق کی اعلی دینی مرجعیت کی خواہشات کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے مستحکم، متحد اور خطے و بین الاقوامی سطح پر ایک موثر عراق کی تعمیر میں کامیاب رہیں گے۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ایران حسب سابق عراقی حکومت کو تمام مشکلات سے کامیابی کے ساتھ باہر نکلنے اور عراقی عوام و اعلی دینی مرجعیت کی عظیم امنگوں کو بر لانے میں اپنے بھرپور تعاون کا اعلان کرتا ہے۔ واضح رہے کہ عراقی وزارت عظمی کے نئے نامزد مصطفی الکاظمی کی بیشتر شہرت ان کی تصانیف کی بناء پر ہے جبکہ قلیل عرصے سے ہی وہ اعلی حکومتی مناصب پر فائز رہے ہیں جن میں عراقی انٹیلیجنس کمیشن کی سربراہی ان کا آخری عہدہ تھا۔
خبر کا کوڈ : 855719
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش