QR CodeQR Code

حکومت مشکل حالات میں قوم کو تنہا نہیں چھوڑے گی، فردوس عاشق

10 Apr 2020 12:16

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کا بلوچستان کا دورہ پسماندہ اور دور افتادہ علاقوں میں کورونا کے خلاف جاری قومی کاوشوں کو تقویت دینا ہے، متحد ہو کر چیلنج پر قابو پائیں گے اور سرخرو ہوں گے۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کہتی ہیں کہ غریب، نادار اور پسماندہ علاقوں کے عوام کو ریلیف پہنچانا وزیراعظم کا عزم ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں وزیراعظم عمران خان کی معاون خصو صی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ حکومت مشکل حالات میں قوم کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا بلوچستان کا دورہ پسماندہ اور دور افتادہ علاقوں میں کورونا کے خلاف جاری قومی کاوشوں کو تقویت دینا ہے، متحد ہو کر چیلنج پر قابو پائیں گے اور سرخرو ہوں گے۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے بلوچستان کے عوام کے لیے اشیائے خورد و نوش کی بلا تعطل فراہمی اور صوبے بھر میں مستحقین کے لیے راشن کی بروقت ترسیل ممکن بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات کی ہدایت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ معاشی سرگرمیوں کو جاری رکھنے اور روزگار کے مواقع کو پیدا کرنے کے لیے مربوط حکمتِ عملی مرتب کرنے پر زور عمران خان کی بلوچستان کے عوام کے ساتھ وابستگی اور احساس کی علامت ہے۔ وزیراعظم کی معاونِ خصوصی نے مزید کہا کہ کل سے احساس ایمرجنسی پروگرام کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے، ادائیگیوں کو یقینی بنانے کے لیے ملک بھر میں 17 ہزار مراکز قائم کیے جا چکے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ 144 ارب میں سے اب تک 49 اعشاریہ 2 ارب روپے بینکوں کو مستحقین کے لیے ریلیز ہو چکے ہیں، کورونا کی وباء کے باعث جو خاندان معاشی طور پر بری طرح متاثر ہوئے ہیں حکومت ان کے ساتھ کھڑی ہے۔


خبر کا کوڈ: 855778

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/855778/حکومت-مشکل-حالات-میں-قوم-کو-تنہا-نہیں-چھوڑے-گی-فردوس-عاشق

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org