0
Friday 10 Apr 2020 17:12

کراچی، نماز جمعہ کے اجتماع سے روکنے پر پیرآباد میں خاتون ایس ایچ او پر حملہ

کراچی، نماز جمعہ کے اجتماع سے روکنے پر پیرآباد میں خاتون ایس ایچ او پر حملہ
اسلام ٹائمز۔ کراچی میں شہریوں نے پولیس کی جانب سے نماز جمعہ کے اجتماع سے متعلق حکومتی احکامات پر عمل درآمد کرانے کے دوران ایک مرتبہ پھر پولیس پر دھاوا بول دیا اور پیرآباد تھانے کی خاتون اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) کو زخمی کردیا۔ واضح رہے کہ سندھ حکومت کی جانب سے نماز جمعہ کے اجتماعات کو محدود کرنے کے لئے صوبے بھر میں جمعے کے روز دن 12 سے دوپہر ساڑھے 3 تک مکمل لاک ڈاؤن کی ہدایت کی گئی تھی۔ اسی سلسلے میں آج جب پولیس نے اورنگی ٹاؤن میں لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر ایکشن لینے کی کوشش کی تو شہریوں نے مبینہ طور پر پولیس پر پتھراؤ کردیا جس کے نتیجے میں پیرآباد تھانے کی خاتون ایس ایچ او شرافت خان زخمی ہوگئیں۔ واقعے کے فوری بعد پولیس کی مزید نفری جائے وقوع پر پہنچ گئی جبکہ سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو میں خاتون پولیس افسر کو شدید غصے میں دیکھا جاسکتا ہے۔

اس حوالے سے سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) غربی فدا حسین نے بتایا کہ پیرآباد میں صورتحال قابو میں ہے، ایس ایچ او شرافت خان کی ناک پر چوٹ آئی ہے اور انہیں طبی امداد فراہم کردی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خاتون ایس ایچ او پر تشدد کرنے والے فرار ہوگئے تاہم ان تمام افراد کی شناخت ہوگئی ہے۔ ایس ایس پی غربی کا کہنا تھا کہ ملوث افراد کے خلاف مقدمہ درج کریں گے اور جلد انہیں گرفتار کرلیں گے۔ دوسری جانب جوڈیشل مجسٹریٹ آصف علی عباسی نے خاتون ایس ایچ او پر حملے کا نوٹس لے لیا اور واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔ عدالت نے ایس ایس پی اور ڈی آئی جی غربی کو رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ خاتون ایس ایچ او حکومتی احکامات پر عمل درآمد کروا رہی تھیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ جمعہ کو بھی کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں مسجد میں نماز جمعہ کی ادائیگی سے روکنے پر شہریوں نے مبینہ طور پر پولیس اہلکاروں پر حملہ کردیا تھا۔ اس واقعے کے بارے میں پولیس نے کہا تھا کہ لیاقت آباد نمبر 7 میں اہلکاروں پر اس وقت تشدد کیا جب انہوں نے غوثیہ مسجد کے امام کو نماز کے اجتماع کی پابندی کی خلاف ورزی پر گرفتار کرنے کی کوشش کی۔ پولیس نے دعویٰ کیا تھا کہ امام مسجد نے ہجوم کو اکسایا جس کے بعد انہوں نے پولیس اہلکاروں پر حملہ کیا جس سے بچنے کے لئے دو اہلکاروں نے مقامی شہری کے گھر پناہ لی۔
خبر کا کوڈ : 855820
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش