0
Friday 10 Apr 2020 20:36

کورونا وائرس کے باعث بے روزگاری روکنے کیلئے اسکیم متعارف

کورونا وائرس کے باعث بے روزگاری روکنے کیلئے اسکیم متعارف
اسلام ٹائمز۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے کورونا وائرس کے باعث معاشی مشکلات اور بے روزگاری روکنے کیلئے اسکیم متعارف کرا دی۔ تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے کورونا وائرس کے باعث پیدا ہونے والی معاشی مشکلات اور بے روزگاری روکنے کیلئے اسکیم متعارف کرائی گئی ہے، جس کے تحت کاروباری ادارے مستقل، کنٹریکٹ اور دیہاڑی دار سمیت ہر قسم کے ملازمین نیز آؤٹ سورس کارکنان کو تنخواہوں کی ادائیگی کیلئے سستے قرضے حاصل کرسکیں گے۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق رواں ماہ اپریل سے جون  کے دوران اپنے ملازمین کو برطرف نہ کرنے والے ادارے ملازمین کی تین ماہ کی تنخواہوں کیلئے 5 فیصد شرح سود پر قرض حاصل کر سکتے ہیں، فعال ٹیکس گزاروں کی فہرست میں شامل ادارے 4 فیصد کی شرح پر قرضہ لے سکیں گے، اسکیم چھوٹے کاروباری اداروں کو ترجیح دینے کیلئے جن کاروباری اداروں کی تین ماہ کی اجرتوں اور تنخواہوں کا خرچ 20 کروڑ روپے تک ہے، وہ اس پوری رقم کی فنانسنگ حاصل کرسکیں گے۔

درمیانی کٹیگری میں آنے والے تین ماہ کی اجرتوں اور تنخواہوں کے خرچ کے 75 فیصد تک فنانسنگ حاصل کرسکیں گے، بینک اس اسکیم کے تحت قرضے کی پروسیسنگ فیس، کریڈٹ لمٹ فیس، پری پیمنٹ پینالٹی بھی چارج نہیں کریں گے، قرض کی اصل رقم کی ادائیگی دو سال میں کرنی ہوگی، جبکہ قرض لینے والوں کو 6 ماہ کی رعایتی مہلت بھی دی جائے گی، بینک اس اسکیم کے استعمال پر اسٹیٹ بینک کو ہفتہ وار رپورٹنگ فراہم کریں گے، اور اس اسکیم کے تحت فنانسنگ کی درخواستوں کو رد کرنے کی وجہ بتانا ہوگی۔ اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ توقع ہے کہ اس اسکیم کا ایک بڑا فائدہ یہ پہنچے گا کہ جو آجر اپنے پے رول پر ملازمین کو برقرار رکھیں گے، وہ صورت حال معمول پر آنے پر جلد اپنی پیداوار بحال کرسکیں گے، اسکیم سے کاروباری اداروں کے لکویڈیٹی کے مسائل کم ہوں گے، کاروباری ادارے مالی وسائل کو ورکنگ کیپٹل کی دیگر ضروریات کو پورا کرنے کیلئے استعمال کر سکیں گے۔
خبر کا کوڈ : 855848
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش