0
Friday 10 Apr 2020 23:42

افغانستان، مرکزی بینک کے 5 ملازمین کا اغوا کے بعد بہیمانہ قتل ، 5 اساتذہ بھی مغوی

افغانستان، مرکزی بینک کے 5 ملازمین کا اغوا کے بعد بہیمانہ قتل ، 5 اساتذہ بھی مغوی
اسلام ٹائمز۔ افغانستان کے مرکزی بینک کے 5 ملازمین کو مبینہ طور پر طالبان جنگجوؤں نے اغوا کرکے بیدردی سے قتل کردیا۔ افغان میڈیا کے مطابق صوبے ہرات میں ملک کے مرکزی بینک کے 5 ملازمین کو ڈیوٹی مکمل کرنے کے بعد گھر جانے کے دوران اغوا کرلیا گیا تھا، بعد ازاں ایک ویران جگہ سے پانچوں ملازمین کی تشدد زدہ لاشیں مل گئی ہیں۔ ہرات پولیس کے ترجمان عبدالاحد ولی زادہ نے ملازمین کے اغوا اور قتل کی ذمہ داری طالبان پر عائد کرتے ہوئے میڈیا کو بتایا کہ پانچوں ملازمین نے اپنی نقل و حرکت کے حوالے سے مطلع نہیں کیا تھا جس کے باعث وہ جنگجوؤں کے ہاتھ لگ گئے۔ گزشتہ روز بھی صوبے ہرات میں سرکاری اسکول کے 5 اساتذہ کو اغوا کر کے ایک کو قتل کردیا گیا تھا۔ مقتول استاد کی تشدد زدہ لاش کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل کی گئی تھیں۔

گورنر ہرات نے اس واقعے کی ذمہ داری بھی طالبان پر عائد کی تھی۔ اسی طرح صوبے ہرات میں ہی کنسٹریکشن کمپنی کے 3 ملازمین کو ایک سڑک کی تعمیر کے دوران مسلح افراد اغوا کرکے لے گئے تھے جن کا تاحال کچھ پتہ نہیں چل سکا ہے۔ اغوا کی اس واردات کا الزام بھی طالبان پر عائد کیا گیا تھا۔

دوسری جانب طالبان کی جانب سے سرکاری بینک ملازمین، اساتذہ اور کنسٹریکشن کمپنی کے ملازمین کے اغوا  پر کسی قسم کا تبصرہ سامنے نہیں آیا ہے، صوبے ہرات میں طالبان سمیت دیگر شدت پسند گروہ بھی حکومتی فورسز اور سرکاری اہلکاروں کو نشانہ بناتے آئے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 855886
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش