QR CodeQR Code

بھارتی فوج کی ایل او سی پر بلااشتعال گولہ باری، 15سالہ بچی سمیت 4 شہری زخمی

11 Apr 2020 12:01

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہا کہ بھارتی فوج نے گذشتہ 24گھنٹے میں سیزفائر معاہدے کی متعدد بار خلاف ورزی کی، بھارتی فورسز نے شاردا، شاہ کوٹ اور ڈھڈنیال سیکٹرز پر بھاری گولہ باری کی اور جان بوجھ کر ایل او سی پر سویلین آبادی کو نشانہ بنایا۔


اسلام ٹائمز۔ بھارتی فوج نے ایل او سی کی ایک بار پھر خلاف ورزی کرتے ہوئے مختلف سیکٹرز پر بھاری گولہ باری کی، جس کے نتیجے میں 15سالہ بچی سمیت 4 شہری زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل بابر افتخار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہا کہ بھارتی فوج نے گذشتہ 24گھنٹے میں سیزفائر معاہدے کی متعدد بار خلاف ورزی کی، بھارتی فورسز نے شاردا، شاہ کوٹ اور ڈھڈنیال سیکٹرز پر بھاری گولہ باری کی۔  ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ بھارتی افواج نے جان بوجھ کر سویلین آبادی کو نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بھارت کی بلا اشتعال گولہ باری پر پاک فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کی ہے اور مؤثر انداز میں بھارتی چوکیوں کو نشانہ بنایا ہے۔

پاک فوج کے ترجمان نے مزید کہا کہ امسال بھارتی فوج ایل او سی پر 708 بار اشتعال انگیزیاں کرچکی ہے، بھارتی اشتعال انگیزیوں کے نتیجے میں 2شہری شہید اور 40 زخمی ہوئے۔ گذشتہ روز پاک فوج نے ایل او سی پر ایک بھارتی ڈرون کو مار گرایا تھا، آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ بھارتی کواڈ کاپٹر پاکستانی علاقے کی نگرانی کے لیے بھیجا گیا تھا، جسے پاک فوج نے مار گرایا ہے۔ پاک فوج کے ادارے نے کہا کہ یہ بھارتی اقدام 2003ء کے جنگ بندی معاہدے کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ اس سے قبل مارچ میں بھارتی فوج نے ایل او سی کی ایک بار پھر خلاف ورزی کرتے ہوئے شاہ کوٹ سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ کی تھی، جس کے نتیجے میں 20سالہ سپاہی واجد علی شہید ہوگیا تھا۔
 


خبر کا کوڈ: 855965

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/855965/بھارتی-فوج-کی-ایل-او-سی-پر-بلااشتعال-گولہ-باری-15سالہ-بچی-سمیت-4-شہری-زخمی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org