0
Saturday 11 Apr 2020 15:11

گلگت بلتستان کے عام انتخابات اور نگران حکومت کے حوالے سے اسلام آباد میں اہم فیصلے

گلگت بلتستان کے عام انتخابات اور نگران حکومت کے حوالے سے اسلام آباد میں اہم فیصلے
اسلام ٹائمز۔ گلگت بلتستان میں عام انتخابات اور نگران حکومت کے حوالے سے اسلام آباد میں اہم فیصلے کیے گئے ہیں۔ اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پی ایم ہاﺅس میں اہم اجلاس ہوا، جس میں آئندہ کے عام انتخابات، نگران حکومت اور الیکشن رولز کے حوالے سے غور کیا گیا۔ وزیراعظم کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں وفاقی وزیر امور کشمیر، گورنر راجہ جلال اور وفاقی وزیر قانون نے شرکت کی۔ مقامی روزنامے کی رپورٹ کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جی بی میں عام انتخابات آرڈر 2018ء کے تحت ہی ہوںگے، جبکہ الیکشن ترمیمی ایکٹ 2018ء کا دائرہ کار جی بی تک بڑھایا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں دو بنیادی ایجنڈے کو زیر بحث لایا گیا۔ پہلا ایجنڈا نگران حکومت کے قیام کیلئے مطلوبہ ترامیم کی منظوری اور دوسرا الیکشن ایکٹ کی جی بی تک توسیع تھا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جی بی میں کرونا کا زور ٹوٹنے کے فوری بعد ہی نادرا کے ساتھ مل کر انتخابی فہرستیں تیار کی جائیں گی۔ الیکشن کمیشن کو فوری فعال بنایا جائے گا اور عام انتخابات کے انعقاد کیلئے کام شروع کر دیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں ہونے والے اہم اجلاس میں اہم ترین فیصلہ یہ سامنے آیا کہ فی الحال گلگت بلتستان میں آرڈر 2018ء ہی برقرار رہے گا۔ آرڈر 2020ء کی فائل فی الحال بند کر دی گئی ہے اور نئی حکومت کے قیام تک معاملات آرڈر 2018ء کے تحت چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ دوسری جانب اسلام آباد میں ہونے والے اہم اجلاس میں صوبائی حکومت کا کوئی نمائندہ شریک نہیں ہوا۔ ذرائع کے مطابق صوبائی حکومت کو اس حوالے سے کوئی اطلاع ہی نہیں دی گئی تھی۔ یاد رہے کہ موجودہ نون لیگ کی حکومت کی مدت 25 جون کو پوری ہو رہی ہے اور گلگت بلتستان کے عام انتخابات ستمبر یا اکتوبر میں ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ واضح رہے کہ آرڈر 2018ء میں نگران حکومت کی کوئی شق نہیں، اس سے پہلے آرڈر 2009ء میں بھی کوئی شق شامل نہیں تھی، تاہم 2014ء میں ترمیم کرکے نگران حکومت کی شق شامل کی گئی تھی، جس کے نتیجے میں شیر جہاں میر نگران وزیراعلٰی بن گئے تھے۔ نگران حکومت کے قیام کے حوالے سے آرڈر 2018ء اور آرڈر 2019ء میں بھی کوئی شق شامل نہیں ہے۔ ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت آرڈر 2018ء میں ترمیم کرے گی اور نگران حکومت کی شق شامل کی جائے گی۔
خبر کا کوڈ : 855998
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش