QR CodeQR Code

حکومت مستحق افراد تک امداد کی رسائی کو یقینی بنائے، محمد حسین محںتی

11 Apr 2020 20:39

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے جماعت اسلامی سندھ کے امیر نے کہا کہ کورونا مریضوں کا علاج کرنے والے ڈاکٹرز ہمارے ہیروز ہیں، فرنٹ لائن پر کردار ادا کرنے والے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو سپورٹ کرنا حکومت سمیت ہر شہری کا اخلاقی ملی اور قومی فریضہ ہے۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ کورونا مریضوں کا علاج کرنے والے ڈاکٹرز ہمارے ہیروز ہیں، فرنٹ لائن پر کردار ادا کرنے والے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو سپورٹ کرنا حکومت سمیت ہر شہری کا اخلاقی ملی اور قومی فریضہ ہے، کورونا وائرس سے لوگ اپنے گھروں و علاقوں تک محدود ہوگئے ہیں، مگر الخدمت اور جماعت اسلامی کے رضاکار کورونا وائرس شروع ہونے کے پہلے روز سے ہی عوام کے درمیان اور لاک ڈاؤن سے متاثرہ افراد کی امداد میں مصروف عمل ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اندرون سندھ کے شہر میرپورخاص میں قرنطینہ سینٹر میں کام کرنے والے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو حفاظتی کٹس اور پیما کی جانب سے دو ریفریجریٹر مہیا کرنے کے بعد صحافیوں سے بات چیت کے دوران کیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر، ڈاکٹر مشتا ق شاہ اور سول سرجن سول اسپتال میرپورخاص ڈاکٹر ہرچند رائے اور کرونا فوکل پرسن ڈاکٹر دلبر، امیر جماعت اسلامی میرپورخاص حاجی نور الٰہی مغل، میرپورخاص پریس کلب کے صدر راشد سلیم، جماعت اسلامی سندھ کے سیکریٹری اطلاعات مجاہد چنا، جنرل سیکریٹری عاصم شیخ، الخدمت فاؤنڈیشن کے صدر نادر خان، قیم ضلع سلمان خالد و دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔

محمد حسین محنتی نے کہا کہ الخدمت سمیت دیگر فلاحی ادارے تو حسب حال کام کر ہی رہے ہیں، مگر حکومت کا متبادل نہیں ہو سکتے، اس لئے حکومت اپنی ذمہ داری کو ادا کرتے ہوئے مصیبت کی اس گھڑی میں متاثرہ افراد کی داد رسی اور حقیقی مستحق افراد تک امداد کی رسائی کو یقینی بنائے۔ انہوں نے کہا کہ مصنوعی بحران پیدا کرکے عوام کو دوہرے عذاب میں مبتلا کرنے والے منافع خور اللہ تعالیٰ کے عذاب سے ڈریں، پوری قوم چینی اور آٹا اسکینڈل میں ملوس ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں دیکھنے کے منتظر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طویل لاک ڈاؤن سے مسائل پیدا ہو رہے ہیں، اسلئے حکومت پابندی کی بہتر حکمت عملی کو اپناتے ہوئے نرمی کا ماحول پیدا کرے، تاکہ غریب لوگوں کو روزگار کے مواقع حاصل ہوسکیں۔ انہوں نے کہا کہ ان شاءاللہ اچھے دن آئیں گے اور ہمیں اس بیماری سے نجات ملے گی اور پاکستان خوشحال ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ درحقیقت ہم اللہ تعالیٰ کو بھول گئے ہیں، ماضی میں بھی آنے والی آفات کو اللہ نے ہی ٹالا ہے، ہم زندہ قوم ہیں، اللہ سے رجوع کرنے پر ہی مسائل سے نجات حاصل ہوگی۔


خبر کا کوڈ: 856060

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/856060/حکومت-مستحق-افراد-تک-امداد-کی-رسائی-کو-یقینی-بنائے-محمد-حسین-محںتی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org