0
Saturday 11 Apr 2020 22:27
سندھ میں کورونا کٹس فوج کے ذریعے تقسیم ہوںگی، چیئرمین این ڈی ایم اے

ملک میں کورونا مریضوں کی تعداد 5011 ہو گئی، 77 جاں بحق، 50 جاں بہ لب

سندھ میں دنیا کی سب سے زیادہ اوسط شرح سے کورونا کیسز سامنے آئے، مراد علی شاہ
ملک میں کورونا مریضوں کی تعداد 5011 ہو گئی، 77 جاں بحق، 50 جاں بہ لب
اسلام ٹائمز۔ ملک بھر میں کورونا کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 5 ہزار 11 ہو گئی ہے جب کہ اس مہلک وائرس سے 77 افراد جاں بحق اور 762 صحت یاب ہو چکے ہیں۔ نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا وائرس کے 2 ہزار 457 مشتبہ مریضوں کے ٹیسٹ کیے گئے، جن میں سے 182 میں اس وائرس کی تشخیص ہوئی۔ جس کے بعد ملک بھر میں کورونا کا شکار افراد کی تعداد 4 ہزار 970 ہو گئی ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 6 افراد کورونا کے ہاتھوں زندگی کی بازی ہار گئے جس کے بعد ملک بھر میں کورونا سے جاں بحق افراد کی تعداد 77 ہوگئی ہے جب کہ 50 کی حالت تشویشناک ہے۔ حکام کے مطابق اب تک پنجاب میں 2414، سندھ 1318، بلوچستان 220، خیبر پختونخوا میں 656، آزاد کشمیر 34، اسلام آباد میں 113 اور گلگت بلتستان میں 215 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔ کورونا وائرس کے باعث ملک میں سب سے زیادہ ہلاکتیں خیبر پختونخوا میں ہوئیں جہاں 25 جبکہ سندھ 28، پنجاب 19، گلگت بلتستان 3، اسلام آباد اور بلوچستان میں ایک ایک مریض جاں بحق ہوا، جبکہ آزاد کشمیر میں کوئی ہلاکت نہیں ہوئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق اب تک ملک بھر میں 57 ہزار 836 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے ہیں اور 587 اسپتالوں میں قائم قرنطینہ مراکز میں مریضوں کا علاج جاری ہے۔ کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے 22 ٹن حفاظتی سامان لے کر چین سے پی آئی اے کی پرواز اسلام آباد پہنچ گئی جس میں وینٹی لیٹرز، سرجیکل اور میڈیکل ماسک سمیت دیگر اشیاء شامل ہیں۔ کراچی میں کورونا وائرس سے سرکاری و نجی اسپتالوں میں طبی عملہ اور ڈاکٹرز بھی متاثر ہونے لگے۔ شہید بے نظیر بھٹو ٹراما سینٹر کے آئی سی یو میں کام کرنے والے 35 سالہ ڈاکٹر میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی منظوری کے بعد چاروں صوبوں میں 24 خصوصی ٹرینیں چلائی جائیں گی، وفاقی حکومت کی منظوری سے لاک ڈاون ختم ہونے کے بعد ٹرین آپریشن شروع کرنے کے سلسلے میں چند حفاظتی انتظامات کئے جائیں گے۔

کراچی کی انتظامیہ نے کورونا وائرس کے کیسز میں شدید اضافے کے باعث کراچی کے متعدد علاقے مکمل سیل کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔ ضلع شرقی کے کئی علاقوں میں کورونا وائرس کے متاثرہ مریضوں میں تشویشناک حد تک اضافہ ہوا ہے، جس کے باعث ڈپٹی کمشنر ضلع شرقی نے متاثرہ علاقے مکمل سیل کرنے کے احکامات جاری کر دیے۔ واضح رہے کہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں صوبے میں دنیا کی سب سے زیادہ اوسط شرح سے کورونا کیسز سامنے آئے ہیں، یہ بات انتہائی تشویش ناک ہے۔ دوسری طرف نام نہاد سپر پاور امریکا میں ایک ہی روز میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 2000 سے تجاوز کر گئی ہے۔ گزشتہ روز ڈسٹرکٹ کولمبیا سمیت امریکا کی 50 ریاستوں میں کم ازکم 2 ہزار 35 افراد کووڈ 19 سے وابستہ پیچیدگیوں کے باعث ہلاک ہوئے۔ جس کے بعد امریکا میں اس مہلک وائرس سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 18 ہزار 725 ہو گئی۔ 

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے کہا ہے کہ سندھ میں کورونا کٹس فوج کے ذریعے تقسیم ہوںگی تاکہ بازاروں میں فروخت نہ ہوسکیں۔ این ڈی ایم اے کی جانب سے چین سے منگوایا گیا سامان پاکستان پہنچنے کے موقع پر چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سامان کی خریداری میں صوبوں نے کوئی فنڈ نہیں دیے، اب تک جتنا بھی سامان آیا ہے یا خریدا گیا وہ سب وفاقی حکومت کے فنڈ سے آیا ہے اور صوبوں سے کوئی خریداری نہیں ہوئی۔ لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے کہا کہ ملک میں کورونا کے ٹیسٹس کم ہونے کا تاثر غلط ہے، ملک میں ٹیسٹ کٹس اور مشینوں کی کمی نہیں، روزانہ 30 سے 40 ہزار ٹیسٹ کی صلاحیت تک موجودہے، آرمی چیف نے فوج کی 11 لیبارٹریز بھی استعمال کے لئے دی ہیں۔ چیئرمین این ڈی ایم اے نے کہا کہ چین سے آنیوالا سامان تمام صوبوں کو فراہم کریں گے، پنجاب کے اسپتالوں کے لیے حفاظتی سامان کل تک پہنچ جائے گا جبکہ خیبر پختونخوا کے چھوٹے بڑے اسپتالوں میں سامان پہنچ چکا ہے، سندھ میں کورونا وائرس سے بچاؤ کا سامان فوجی اداروں کے ذریعے اسپتالوں تک پہنچایا جائے گا تاکہ جو خلا موجود تھا اور سامان نرسز ڈاکٹرز تک نہیں پہنچ رہا تھا، وہ ان تک پہنچ سکے۔ لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے مزید کہا کہ اب جو بھی سامان جاری ہو گا، اس پر این ڈی ایم اے کی مہر لگی ہو گی، اس کا مقصد سامان کو بازار سمیت دیگر مقامات پر فروخت ہونے سے بچانا ہے۔
خبر کا کوڈ : 856072
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش