اسلام ٹائمز۔ کورونا کی وبا کو پھیلنے سے روکنے کیلئے کراچی کی سب سے زیادہ متاثرہ یونین کونسلوں کو مکمل سیل کرنے کا فیصلہ چند گھنٹوں میں ہی واپس لے لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اطلاعات سندھ کا کہنا ہے کہ یونین کونسلز کے جو مخصوص مقامات، علاقے یا گلیاں متاثر ہیں، صرف انہیں سیل کیا جائے گا، پوری یونین کونسل کو سیل کرنا آسان نہیں تھا، اس میں کئی مسائل درپیش تھے، اس حوالے سے ضلعی انتظامیہ کو نئی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ آج بروز ہفتے کی شام ڈپٹی کمشنر شرقی نے ضلع کی 11 یونین کونسل کو سیل کرنے کا اعلان کیا تھا، جن میں یو سی 21 گیلانی ریلوے اسٹیشن، یوسی 7 ڈالمیا، یو سی 8 جمالی کالونی، یوسی 22 گلشن، یو سی 27 پہلوان گوٹھ، یو سی 29 گلزار ہجری، یو سی 30 صفورہ، یو سی فیصل کینٹ، یو سی 2 منظور کالونی، یو سی 9 جیکب لائن اور یو سی 10 جمشید کوارٹرز شامل تھی، تاہم چند ہی گھنٹوں بعد صوبائی حکومت نے یہ فیصلہ واپس لے لیا۔