0
Saturday 11 Apr 2020 23:18

قرنطینہ سینٹرز سے زائرین کی واپسی کو جلد یقینی بنایا جائے، زاہد علی آخونزادہ

قرنطینہ سینٹرز سے زائرین کی واپسی کو جلد یقینی بنایا جائے، زاہد علی آخونزادہ
اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماءکونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات زاہد علی آخونزادہ نے صوبہ خیبر پختونخوا کے قرنطینہ سنٹرز سے زائرین کی گھروں کو بروقت واپسی کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کے دیگر حصوں میں قائم قرنطینہ سینٹرز سے زائرین کی واپسی کو جلد ممکن بنایا جائے، جبکہ لاک ڈاون کے باعث کراچی اور ملک کے دیگر حصوں میں موجود گلگت بلتستان کے طالب علموں کو ان کے گھروں تک پہنچانے کے انتظامات کئے جائیں۔ اپنے ایک بیان میں زاہد علی آخونزادہ نے کہا کہ شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی کی ہداہت پر زائرین کی قرنطینہ سینٹرز میں رہنمائی اور نگرانی کے فرائض شیعہ علماء کونسل پاکستان کے عہدیداروں نے انتہائی جانفشانی سے انجام دیئے، جس کے نتیجے میں پشاور اور ڈیرہ اسماعیل خان میں قائم قرنطینہ سینٹرز میں تمام زائرین کے ٹیسٹ اور انکے نتائج بروقت حاصل کرکے زائرین کی گھروں کو واپسی کے عمل کو مکمل کیا گیا، جس پر ہر دو ڈسٹرکٹ کی انتظامیہ، صوبائی حکومت اور شیعہ علماء کونسل پاکستان کی مرکزی قیادت اور ضلعی ذمہ داران مبارکباد کے مستحق ہیں۔

انہوں نے دوسرے صوبوں میں سندھ اور بالخصوص صوبہ پنجاب میں زائرین کے بار بار ٹیسٹ لیکر انہیں اذیت سے دوچار کرنے اور ڈیرھ ماہ سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود ان کی گھروں میں واپسی تاحال ممکن نہ بنانے کو متعلقہ ڈسٹرکٹ اور صوبائی حکومتوں کی بدانتظامی سے تعبیر کرتے ہوئے اس امر کو زائرین اور قوم و ملت میں اشتعال پیدا کرنے کا سبب قرار دیا۔ زاہد علی آخونزادہ نے کہا کہ شیعہ علماء کونسل پاکستان کے عہدیدار ہمہ وقت زائرین کے مسائل کے حل کے لیے حکومتی اداروں سے رابطے میں ہیں، تاہم ان صوبائی حکومتوں کی جانب سے زائرین کی گھروں کو واپسی کے عمل میں لیت و لعل سے کام لینا نامناسب اور معاندانہ رویہ ہے، جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں سوال اٹھایا کہ کورونا وائرس سے بچاو کیلئے ایسے حکومتی اقدامات زائرین کے سوا وطن لوٹنے والے دیگر افراد کے لیے کیوں نہیں اٹھائے گئے۔ اسی لیے یہ امر حکومت کی جانب سے خود قانون کے نفاذ کے حوالے سے دوہرے معیار کا عکاس ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ زائرین کی مشکلات کے حل کیلئے شیعہ علماء کونسل صدر پاکستان عارف علوی سمیت دیگر اعلٰی حکومتی عہدیداروں سے رابطہ کرچکی ہے اور ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ پنجاب اور سندھ کی صوبائی حکومتوں کو ہدایت کرے کہ قرنطینہ میں ڈیرھ ماہ سے پابند زائرین کے تکمیل شدہ طبی عمل کے بعد ان کی گھروں کو واپسی کے عمل کو جلد از جلد ممکن بنا کر قوم و ملت میں پھیلی بے چینی دور کی جائے، جبکہ انہوں نے حکومت سے ملک میں لاک ڈاون سے پیدا شدہ صورتحال میں گلگت بلتستان کے نوجوانوں جو حصول علم کیلئے کراچی اور ملک کے دیگر حصوں میں سینکڑوں کی تعداد میں موجود ہیں، کے بھی گھروں تک رسائی کے انتظامات کے لیے اقدامات کرنے کی اپیل کی۔
خبر کا کوڈ : 856088
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش