0
Sunday 12 Apr 2020 21:30

احساس کفالت پروگرام قابل تعریف مگر مراکز پر رش کے باعث وباء پھیلنے کا خطرہ ہے، علامہ مقصود ڈومکی

احساس کفالت پروگرام قابل تعریف مگر مراکز پر رش کے باعث وباء پھیلنے کا خطرہ ہے، علامہ مقصود ڈومکی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے قرآن و احادیث کی روشنی میں انسانوں کی قسمیں کے موضوع پر سلسلہ وار درسی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ انسان زمین پر خلیفہ خدا ہے کیونکہ وہ امانت الہی یعنی دین و شریعت کا حامل ہے، اس لئے انسان کو اشرف المخلوقات کہا جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اعلی انسانی اخلاق و کردار اور خدائی احکامات کی اطاعت کرکے ہم اشرف المخلوقات کے منصب پر فائز ہوسکتے ہیں، قرآن کریم کی روشنی میں انسان جسم و روح پر مشتمل دو حقیقتوں کا مجموعہ ہے، جسم کی تخلیق مٹی سے جبکہ روح امانت الہی ہے، انسان کی سعادت اور کامیابی کے لئے الہی نظام حیات اور الہی رہبر کی اطاعت ضروری ہے، جو انسان کو صراط مستقیم پر گامزن کرکے خدا تک پہنچاتے ہیں۔ انہوں نے موجودہ صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت کا احساس کفالت پروگرام قابل تعریف ہے مگر مراکز پر مستحقین کے رش کے باعث وباء پھیلنے کا خطرہ ہے جبکہ کئی مقامات پر اب بھی رشوت کے طور مستحقین سے رقم وصول کی جا رہی ہے۔

علامہ مقصود ڈومکی نے کہا کہ صوبائی حکومتیں بھی عوام کو راشن اور امداد کا صاف شفاف نظام قائم کریں تاکہ امداد اور راشن با اثر لوگوں کی بجائے غریب خاندانوں تک پہنچے۔ انہوں نے کہا کہ ایم ڈبلیو ایم کے کارکنوں نے جذبہ حب الوطنی اور خدمت انسانیت کے تحت ملک بھر میں جو خدمات انجام دی ہیں وہ قابل ستائش ہیں، مستحقین کو راشن کی فراہمی اور وائرس سے تحفظ کے لئے اسپرے کے علاوہ مختلف قرنطینہ مراکز میں خدمت کرکے المجلس ڈیزاسٹر مینجمنٹ سیل نے قابل تعریف اقدام انجام دیئے ہیں، اہل خیر اور صاحب ثروت افراد کو آگے بڑھ کر مصیبت کی اس گھڑی میں مستحقین کا سہارا بننا چاہیئے جو یقینا اجر و ثواب کا باعث ہے۔
خبر کا کوڈ : 856271
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش