0
Tuesday 14 Apr 2020 01:31

وفاق اور سندھ کی حکومتیں آپس میں سیاست کررہی ہے، میئر کراچی

وفاق اور سندھ کی حکومتیں آپس میں سیاست کررہی ہے، میئر کراچی
اسلام ٹائمز۔ میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ وفاق اور سندھ کی حکومتیں آپس میں سیاست کررہی ہے جن لوگوں کی ذمہ داریوں ہیں وہ دست و گریباں ہیں، ان کے بیانات افسوس کن ہے عوام کو یہ کیا پیغام دیا جارہا ہے، قوم پر برا وقت آیا تو یہ لوگ قوم کو مایوس کر رہے ہیں، کراچی کی معیشت کو کچھ ہوگیا تو پاکستان کا بجٹ کیسے بنائیں گے، یہاں کی ٹریڈ، سمال انڈسٹری اور کاروبار کو بچانے کی پالیسی بنائی جائے، سنجیدگی لیڈر شپ میں نظر نہیں آرہی، افسوس کہ پوری دنیا کو ہم کیا پیغام دے رہے ہیں۔ یہ بات انہوں نے الیکٹرانک مارکیٹ سے سول اسپتال تک لکویڈ اسپرے کے آغاز کے موقع پر کہی۔ سینئر ڈائریکٹر کو آرڈینیشن مسعود عالم، چیف فائر آفیسر فخر الدین، کراچی الیکٹرانکس ڈیلرز ایسوسی ایشن کے صدر محمد رضوان، سفیر بٹ، امیر حمزہ، عمر عارف اور الیکٹرانکس مارکیٹ کے عہدیدار اور دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ میئر کراچی نے کہا کہ 26 دن سے مارکیٹس بند ہیں جس کے باعث تاجر، چھوٹی صنعتیں، ٹریڈ، الیکٹرانکس کی مارکیٹیں اور دیگر کاروبار تباہ ہورہا ہے، حکومت سندھ کوئی پالیسی بنائے، کوئی پروگرام ترتیب دے تاکہ کراچی کی اکنانومی برباد نہ ہو، خدا کا انخوانستہ اگر کراچی کی معیشت کو نقصان پہنچا تو پورے ملک کی معیشت برباد ہوجائے گی۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک ماہ سے کے ایم سی کام کررہی ہے سندھ حکومت سے کوئی تعاون نہیں ملا، صرف میڈیا پر بیانات دیئے جارہے ہیں، خدا کے لئے سر جوڑ کر بیٹھیں، صرف لاک ڈاؤن کرنے سے اب کام نہیں چلے گا، عوام بے انتہا پریشان ہیں، کراچی کی عوام کو بے یار و مدد گار چھوڑ دیا گیا ہے اور دونوں حکومتیں کچھ نہیں کررہی۔ انہوں نے کہا کہ اگر مزید لاک ڈاؤن بڑھایا گیا تو ہمیں یہ سوچنا ہوگا کہ کاروبار کو کیسے سپورٹ کیا جائے، یہاں کی ٹریڈ کو بچانے کی پالیسی بنائی جائے، ہونا تو یہ چاہیئے تھا کہ دونوں حکومتیں اسپتالوں کو بہتر بنانے کی بات کرتی، وینٹی لیٹرز کے انتظامات کئے جاتے، لوگوں کو راشن فراہم کیا جاتا، کاروبار اور چھوٹی صنعتوں کو کھولنے کی منصوبہ بندی کی جاتی لیکن حکومتی کے وزراء صرف ایک دوسرے پر الزام تراشی کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت اور وفاقی حکومت کے اختلافات اور تحفظات جس طرح سامنے آئے ہیں، اس سے مشکلات میں مزید اضافہ ہوگا، اس سنگین صورتحال سے کیسے نکلیں گے، کورونا وائرس کے خاتمے اور کاروبار کو بحال کرنے کے لئے جب تک دونوں حکومتیں ایک پیج پر نہیں آئیں گی کچھ نہیں ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 856521
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش