QR CodeQR Code

شیعہ علماء کونسل کے وفد کے پی ٹی آئی پنجاب کے صدر اعجاز چودھری سے ملاقات

ملاقات میں زائرین کو قرنطینہ سنٹرز میں درپیش مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا

14 Apr 2020 20:05

علامہ سبطین سبزواری نے کہا کہ پنجاب انتظامیہ کو جب ہماری ضرورت ہوتی ہے تو یاد کرتی ہے، مگر جب ہمیں انتظامیہ کی ضرورت ہو تو تعاون نہیں کیا جاتا، جس کیلئے کرونا وبا کے فوری بعد اہم میٹنگ کا انعقاد کیا جائیگا اور سب مسائل کو حل کیا جائیگا۔


اسلام ٹائمز۔ صدر شیعہ علماء کونسل شمالی پنجاب علامہ سبطین سبزواری کی وفد کے ہمراہ صدر پاکستان تحریک انصاف پنجاب اعجاز احمد چودھری سے ملاقات۔ وفد میں حافظ کاظم رضا نقوی، قاسم علی قاسمی صدر شیعہ علماء کونسل لاہور ڈویژن، ملک شوکت علی اعوان صدر شیعہ علماء کونسل لاہور سٹی اور جعفر علی شاہ جنرل سیکرٹری شیعہ علماء کونسل لاہور شامل تھے۔ علامہ سبطین سبزواری نے پنجاب کے مختلف اضلاع میں زائرین کے مسائل اور مشکلات کی تفصیلات بتائیں۔ حافظ کاظم رضا نقوی نے لاہور ایکسپو قرنطینہ سنٹر کے زائرین حوالے سے بتایا کہ تین دن سے سیمپل بھجوائے گئے ہیں مگر لیب رپورٹس جاری نہیں کر رہی۔ قاسم علی قاسمی صدر شیعہ علماء کونسل لاہور ڈویژن نے شیخوپورہ سول ہسپتال میں بارہ زائرین کی مثال دیتے ہوئے بتایا کہ یہ لوگ پنجاب کے مختلف اضلاع میں ضلعی انتظامیہ کے پاس ایسے زائرین موجود ہیں، جنہیں 28 فروری سے 13 مارچ تک تفتان میں وفاقی حکومت کا مہمان بنایا گیا، وہاں سے ٹیسٹ نیگیٹو آنے گھروں کو بھیجا گیا مگر 14 مارچ کو پنجاب حکومت نے راستے میں روک کر ملتان قرنطینہ کیمپ میں رکھا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ یہ لوگ 4 اپریل تک ملتان میں رہے، دونوں رپورٹس نیگیٹو آنے پر گھروں کو بھیجا گیا، مگر پنجاب کے تمام اضلاع نے ان زائرین کو گھروں کی بجائے اپنے قرنطینہ کیمپ کے مہمان بنا لیا، جو 14 مارچ سے آج 14 اپریل تک پنجاب حکومت کے پاس ہونے کے باوجود رپورٹ نیگیٹو آنے کے باوجود گھروں کو روانہ نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ شیخوپورہ میں زائرین کے سیمپل نہیں لیے جا رہے، نہ ہی زائرین کو صاف پانی اور مناسب کھانے کی سہولت دی جا رہی ہے۔ اس متعلق اعجاز چودھری نے ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ سدرہ یونس کو فون کرکے زائرین کے مسائل حل کرنے کیلئے ہدایت کی۔ علامہ سبطین سبزواری نے کہا کہ پنجاب انتظامیہ کو جب ہماری ضرورت ہوتی ہے تو یاد کرتی ہے، مگر جب ہمیں انتظامیہ کی ضرورت ہو تو تعاون نہیں کیا جاتا، جس کیلئے کرونا وبا کے فوری بعد اہم میٹنگ کا انعقاد کیا جائے گا اور سب مسائل کو حل کیا جائے گا۔


خبر کا کوڈ: 856591

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/856591/شیعہ-علماء-کونسل-کے-وفد-پی-ٹی-ا-ئی-پنجاب-صدر-اعجاز-چودھری-سے-ملاقات

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org