0
Monday 18 Jul 2011 07:29

کراچی میں استعمال ہونے والا اسلحہ اسرائیل سے آرہا ہے، ایم کیو ایم سے دوستی چاہتے ہیں، وزیر داخلہ

کراچی میں استعمال ہونے والا اسلحہ اسرائیل سے آرہا ہے، ایم کیو ایم سے دوستی چاہتے ہیں، وزیر داخلہ
اسلام آباد:اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک نے کہا ہے کہ کراچی میں استعمال ہونے والا اور پکڑا جانے والا اسلحہ اسرائیل سے آ رہا ہے، جس کا مطلب ہے ٹارگٹ کلرز بھی باہر سے آ رہے ہیں، ایم کیو ایم کے ساتھ تناؤ وقتی ہے، آئندہ چندروز میں معاملات طے پا جائیں گے اور عوام جلد خوشخبری سنیں گے، مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں نے اسلام آباد کو فیصل آباد سمجھ کر اسلحہ استعمال کیا، غلط کام کرنے والے کو سزا ضرور ملے گی، قانون سب کے لئے یکساں ہے، کوئی قانون سے بالاتر نہیں، عامر شاہ کے قاتلوں کو نہیں چھوڑیں گے، انہوں نے اس ضمن میں ڈی آئی جی پولیس کی سربراہی میں تحقیقاتی ٹیم تشکیل دینے کا بھی حکم دیا۔ اتوار کی شام کراچی سے واپسی پر اسلام آباد ایئرپورٹ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صدر زرداری نے جیلیں کاٹیں مگر وہ ملک سے بھاگ کر نہیں گئے، انجم عقیل کا معاملہ قانون کے دائرے میں آچکا ہے اس پر زیادہ بات نہیں کرونگا۔ شکر ہے کہ انجم عقیل تھانے سے بھاگ کر پکڑے گئے وہ ملک سے باہر نہیں بھاگے، انجم عقیل سے متعلق انکوائری رپورٹ سے میڈیا کو آگاہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) والوں نے اسلام آباد کو فیصل آباد سمجھ کر اسلحہ لہرایا، قانون ہاتھ میں لینے والوں کو کسی صورت نہیں بخشا جائے گا، اسلحہ لہرانے والوں کے خلاف مقدمات درج کئے جاچکے ہیں۔ 
انہوں نے کہا کہ کراچی میں امن وامان قائم ہونا چاہئے وہاں اسلحہ باہر سے لایا جا رہا ہے، جس کا مطلب یہ ہے کہ ٹارگٹ کلر بھی باہر سے آرہے ہیں، کراچی میں ہر قتل ٹارگٹ کلنگ نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے ساتھ دوستی چاہتے ہیں ایم کیو ایم کیلئے آج بھی دروازے کھلے ہیں اور ہمیشہ کھلے رہیں گے، الطاف حسین نے صدر زرداری کے بیان کا خیرمقدم کیا ہے، شہر قائد میں امن کے لئے ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی کا ساتھ چلنا بہت ضروری ہے۔ چوہدری شجاعت پر بھروسہ ہے وہ پیپلز پارٹی کی جانب سے ایم کیو ایم کے ساتھ مذاکرات کر رہے ہیں۔ رحمان ملک نے کہا کہ ہم دہشتگردی کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں، دہشتگردی کے خطرات پہلے بھی تھے اور اب بھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز یونٹی کے چیئرمین عامر شاہ کے قاتلوں کو کیفرکردار تک پہنچائیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ظفر قریشی کا ایماندار ہونا الگ بات ہے، ان کے خلاف کارروائی ہوئی ہے تو انہوں نے قانون کی کوئی خلاف ورزی کی ہو گی، ظفر قریشی کا معاملہ سپریم کورٹ میں ہے اس سلسلے میں مزید کچھ نہیں کہوں گا۔
خبر کا کوڈ : 85665
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش