QR CodeQR Code

کراچی کے تاجروں کا کل سے کاروبار کھولنے کا اعلان

14 Apr 2020 17:52

پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین سندھ تاجر اتحاد نے کہا کہ کراچی سے کشمور تک کا تاجر بدحال ہوچکا ہے، چھوٹے تاجر اور ان کے ملازم فاقہ کشی پر مجبور ہوچکے ہیں، ہم نے پہلے اعلان کیا لیکن وزیراعلیٰ اور گورنر سندھ نے کوئی رابطہ نہیں کیا لہٰذا تمام تر صورتحال کے ذمہ دار وزیراعلیٰ اور گورنر ہاؤس ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ کراچی کی مختلف تاجر تنظیموں نے کل سے کاروبار کھولنے کا اعلان کردیا۔ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین سندھ تاجر اتحاد جمیل پراچہ نے کہا کہ 28 دن سے کراچی بند ہے اور لوگ سسک رہے ہیں، کراچی سے کشمور تک کا تاجر بدحال ہوچکا ہے، چھوٹے تاجر اور ان کے ملازم فاقہ کشی پر مجبور ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاکھوں ملازمین کو ایک ماہ کی بمشکل تنخواہیں ادا کی ہیں، کل سے تمام حفاظتی انتظامات کے ساتھ دکانیں کھول دیں گے۔ جمیل پراچہ کا کہنا تھا کہ دوسرا آپشن یہ ہے کہ اہل خانہ کے ساتھ وزیراعلیٰ ہاؤس پہنچ جائیں اور دکانوں کی چابیاں وزیراعلیٰ ہاؤس میں جمع کرا دیں گے۔

جمیل پراچہ کا کہنا تھا کہ ہم نے پہلے اعلان کیا لیکن وزیراعلیٰ اور گورنر سندھ نے کوئی رابطہ نہیں کیا لہٰذا تمام تر صورتحال کے ذمہ دار وزیراعلیٰ اور گورنر ہاؤس ہیں۔ دوسری جانب تاجر رہنما رضوان عرفان نے کہا کہ اب مزید لاک ڈاؤن برداشت نہیں کرسکتے، کل سے ہم اپنا کاروبار کھول لیں گے، ہم حفاظتی اقدامات کے ساتھ کاروبار کھول لیں گے۔ انہوں نے  کہا کہ حکومت کے فیصلے کا احترام کیا اور ہم نے ساتھ دیا لیکن لاکھوں لوگ ہمارے پاس ملازم ہیں جنہیں ایک ماہ کی تنخواہ دے دی۔


خبر کا کوڈ: 856650

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/856650/کراچی-کے-تاجروں-کا-کل-سے-کاروبار-کھولنے-اعلان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org