QR CodeQR Code

پشاور پولیس کے دو پی ایس پیز کی کرپشن بے نقاب، تحقیقات شروع

15 Apr 2020 19:52

ذرائع کے مطابق مذکورہ پی ایس پیز افسران میں ایک افسر گریڈ بیس کے ہیں، جنکا تعلق ڈیرہ اسماعیل خان سے ہے اور وہ اپنے سسرال کے بل بوتے پر بنی گالا سے سفارش کروا کر پشاور میں اعلیٰ عہدے پر تعینات ہوئے ہیں جبکہ دوسرے گریڈ اٹھارہ کے افسر کا تعلق خیبر ایجنسی سے ہے، جو گذشتہ کئی سالوں سے پشاور پولیس میں پکے ہو کر بیٹھے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ وفاقی تحقیقاتی ایجنسی نے میڈیا اور سوشل میڈیا کی خبروں پر پشاور پولیس کے دو پی ایس پی افسران کے خلاف تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق مذکورہ پی ایس پیز افسران میں ایک افسر گریڈ بیس کے ہیں، جن کا تعلق ڈیرہ اسماعیل خان سے ہے اور وہ اپنے سسرال کے بل بوتے پر بنی گالا سے سفارش کروا کر پشاور میں اعلیٰ عہدے پر تعینات ہوئے ہیں، جبکہ دوسرے گریڈ اٹھارہ کے افسر کا تعلق خیبر ایجنسی سے ہے، جو گذشتہ کئی سالوں سے پشاور پولیس میں پکے ہو کر بیٹھے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ ڈی آئی خان والے گریڈ بیس کے پولیس افسر کے متعلق معلوم ہوا ہے کہ وہ آئس کے نشے میں رہتے ہیں اور جو سرکاری فائل اُن کے سامنے رکھی جائے، اُس کو بغیر دیکھے پڑھے دستخط کر دیتے ہیں، جبکہ خیبر ایجنسی سے تعلق رکھنے والے پولیس افسر اسمگلروں اور اپنے من پسند ایس ایچ اوز کی تعیناتی میں ماہواریاں لے کر کروڑوں کے مالک بن گئے ہیں، جن کا سارا کاروبار اُن کے والد سنبھال رہے ہیں۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ پشاور پولیس میں ہر تھانے پر بولیاں لگی ہوئی ہیں۔ یہ کرپشن اتنی بڑھ چکی ہے کہ لوگ سابق سی سی او کے دور کی کرپشن کو بھی بھول گئے۔ ذرائع نے بتایا کہ اس سارے کھیل میں خیبر ایجنسی کے پی ایس پی افسر ماسٹر مائنڈ ہیں، جن کو سابق سی سی پی او کریم خان نے نکیل ڈال رکھی تھی، جس کی وجہ سے کریم خان بدنامی کے ساتھ ٹرانسفر ہوئے، مگر اُن کو اب تک عہدے سے نہیں ہٹایا جا سکا۔ ذرائع نے بتایا کہ تحقیقاتی رپورٹ مکمل ہونے کے بعد وفاق اور نیب کو بھجوائے جانے کا امکان ہے۔ جس میں مذکورہ انٹیلی جنس ایجنسی خبریں شائع کرنے والے پروفیشنل صحافیوں سے رابطے میں ہے۔


خبر کا کوڈ: 856900

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/856900/پشاور-پولیس-کے-دو-پی-ایس-پیز-کی-کرپشن-بے-نقاب-تحقیقات-شروع

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org