1
Wednesday 15 Apr 2020 23:02

اسرائیل و سعودی عرب میں قید فلسطینیوں کو تنہاء نہیں چھوڑیں گے، حماس

اسرائیل و سعودی عرب میں قید فلسطینیوں کو تنہاء نہیں چھوڑیں گے، حماس
اسلام ٹائمز۔ حماس کے سیکرٹری سیاسیات اسمعیل ہنیہ نے انجمن برائے عدالت فلسطین کے سربراہ "معن بشور" اور مراکش کی اسلامی تعاون کانفرنس کے سیکرٹری جنرل "خالد السفیانی" کے ساتھ الگ الگ ٹیلیفونک گفتگو میں فلسطین کی تازہ ترین صورتحال پر بات چیت کی ہے۔ فلسطینی خبررساں ایجنسی صفا کے مطابق اسمعیل ہنیہ نے دونوں رہنماؤں سے اپنی گفتگو میں غزہ کی پٹی کے رہائشیوں کی صورتحال سمیت اسرائیلی و سعودی جیلوں میں قید فلسطینی شہریوں کی حالت زار پر بھی بات چیت کی۔ حماس کے سیکرٹری سیاسیات نے اپنی گفتگو میں اس بات پر زور دیا کہ حماس اسرائیلی و سعودی جیلوں میں قید فلسطینی شہریوں کو تنہاء نہیں چھوڑے گی۔

حماس کے سیکرٹری سیاسیات اسمعیل ہنیہ نے اپنی گفتگو میں فلسطینی شہر مقبوضہ قدس کے اندر جدید یہودی بستیاں آباد کرنے سمیت غاصب صیہونی رژیم کی طرف سے مزید فلسطینی اراضی کو قبضے میں لینے کے منصوبوں پر بھی بات کی۔ انہوں نے عرب و اسلامی رہنماؤں سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیلی و سعودی جیلوں میں قید فلسطینی شہریوں کی آزادی کے لئے اپنی ذمہ داریوں پر عملدرآمد کریں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی مسلم رہنماؤں کو اُن قیدیوں کی آزادی کے لئے آگے بڑھ کر اقدام کرنا چاہئے جنہوں نے اپنی زندگیوں کو فلسطین و قدس کی آزادی کی خاطر داؤ پر لگا رکھا ہے۔ اسمعیل ہنیہ نے تاکید کی کہ حماس فلسطینی مزاحمتی گروپس کے درمیان اتحاد، انہیں مزید موثر بنانے اور فلسطینی آزادی کی تحریک کو دوبارہ سے فعال کرنے کو فلسطینی قوم کے حقوق و اصول کا اصلی جزو سمجھتی ہے۔
خبر کا کوڈ : 856936
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش