0
Thursday 16 Apr 2020 12:30

گزشتہ سال کی نسبت کراچی میں اپریل میں 70 فیصد اموات زیادہ ہوئیں، ایدھی

گزشتہ سال کی نسبت کراچی میں اپریل میں 70 فیصد اموات زیادہ ہوئیں، ایدھی
اسلام ٹائمز۔ صوبہ سندھ میں ہلاکتوں پر صوبائی حکومت کے متضاد بیانات پر فیصل ایدھی کا کہنا ہے کہ اس سال اپریل میں پچھلے سال کی نسبت اموات کا تناسب 70 فیصد زیادہ ہے، تاہم یہ نہیں کہا جا سکتا کہ تمام اموات کورونا وائرس کی وجہ سے ہوئیں۔ نجی ٹی وی چینل پر گفتگو کرتے ہوئے فیصل ایدھی نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی جانب سے پریس کانفرنس میں کیے گئے انکشاف پر کہا کہ تمام صوبوں میں لوگوں کے ٹیسٹ بہت کم ہو رہے ہیں، اس لیے یہ اندازہ لگانا مشکل ہے کہ کس کو کورونا ہے اور کسے نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سال ہمارے پاس گزشتہ سال کی نسبت 50 سے 70 فیصد زیادہ میتیں لائی گئی ہیں۔ اپریل کے ڈیٹا کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ اب تک ان 13 سے 14 دنوں کے ڈیٹا کے مطابق 70 فیصد میتیں گزشتہ سال کی نسبت زیادہ آئی ہیں اور اس میں زیادہ تر بڑی عمر کے افراد ہیں، تاہم یہ بہت کہنا مشکل ہوگا کہ یہ سب کورونا وائرس سے متاثر تھے یا نہیں۔

فیصل ایدھی نے یہ بھی کہا کہ اس کی وجہ ایک یہ بھی ہے کہ بہت سی جگہوں پر او پی ڈیز بند ہیں، یا علاج نہیں ہو رہے، پہلے جو لوگ میت لا رہے تھے، ان کے پاس ڈیٹھ سرٹیفکیٹ نہیں ہوتا تھا، تاہم گزشتہ 10 سے 12 دنوں سے پہلے ایسا نہیں تھا، مگر اب ہم نے لوگوں سے سرٹیفکیٹ لینا شروع کر دیا ہے، زیادہ تر افراد نے یہ ہی وجہ بتائی ہے کہ انتقال سانس کی تکلیف کی وجہ سے ہوا۔ اس موقع پر فیصل ایدھی نے یہ بھی واضح کیا کہ تاہم یہ نہیں کہا جا سکتا کہ سب کو کورونا وائرس تھا، کیونکہ ڈاکٹرز سے مشورے کے بعد یہ بات بھی سامنے آئی کہ دیگر کئی بیماریوں میں بھی مریض کو سانس کی تکلیف ہوتی ہے، تو واضح طور پر یہ کہنا کہ سب کورونا سے انتقال کرگئے، یہ غلط ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کی مرنے کی وجہ کورونا سے زیادہ یہ ہے کہ او پی ڈیز بند ہونے سے لوگوں کا علاج نہیں ہو رہا، تاہم اگر کوئی علامت ظاہر ہو تو فوری اسپتال جائیں، ڈرے نہیں۔
خبر کا کوڈ : 857035
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش