QR CodeQR Code

کراچی سمیت سندھ بھر میں مسلسل تیسرے جمعہ بھی کرفیو جیسا لاک ڈاؤن

17 Apr 2020 14:03

مساجد اور مدارس میں جمعہ اجتماعات پر پابندی ہے اور باہر فوج، رینجرز اور پولیس کے جوان تعینات ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ شہر قائد سمیت سندھ بھر میں صوبائی حکومت کی جانب سے مسلسل تیسرے جمعہ 12 بجے سے سہ پہر 3 بجے تک مکمل لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا۔ اعلیٰ افسران کی قیادت میں سڑکوں پر پولیس کا گشت جاری ہے اور جگہ جگہ ناکہ بندی ہے۔ لاک ڈاؤن سے مستثنیٰ دکانوں کو بھی بند کروا دیا گیا ہے۔ مساجد اور مدارس میں جمعہ اجتماعات پر پابندی ہے اور باہر فوج، رینجرز اور پولیس کے جوان تعینات ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے آئی جی پولیس مشتاق مہر کو ہدایت کی کہ وہ جمعہ کے دن دوپہر 12 بجے سے سہ پہر 3 بجے تک مکمل لاک ڈاؤن کو یقینی بنانے کیلئے تمام تر ضروری انتظامات کریں۔ اشیائے خورد و نوش کی دکانیں، کریانہ اسٹورز لاک ڈاؤن 3 بجے دن ختم ہونے کے بعد شام ساڑھے 6 بجے تک کھلے رہیں گے۔

سندھ بھر میں یہ لاک ڈاؤن دوپہر 12 بجے سے 3 بجے تک 3 گھنٹے تک جاری رہے گا، اس سے قبل 2 جمعۃ المبارک کو یہ لاک ڈاؤن ساڑھے 3 گھنٹے 12 تا ساڑھے 3 بجے تک کیا گیا تھا۔ گزشتہ روز وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے مفتی منیب الرحمٰن کی زیر قیادت علماء کے وفد سے ملاقات کے موقع پر کہا تھا کہ سندھ میں جمعہ کو 12 بجے سے سہ پہر 3 بجے تک مکمل لاک ڈاؤن ہوگا۔ علمائے کرام نے کہا کہ وہ کورونا وائرس کی جاری صورتحال سے آگاہ ہیں، لہٰذا انہوں نے حکومت کی حمایت کی ہے اور کہا کہ آئندہ بھی حکومت کے ساتھ تعاون کریں گے۔


خبر کا کوڈ: 857224

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/857224/کراچی-سمیت-سندھ-بھر-میں-مسلسل-تیسرے-جمعہ-بھی-کرفیو-جیسا-لاک-ڈاؤن

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org