QR CodeQR Code

اہلسنّت کے جید شیوخ الحدیث اور علماء نے حکومتی معاہدے کی تائید کردی

18 Apr 2020 19:45

چیئرمین سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین کی ہدایت پر مفتیان کرام کا کہنا ہے کہ اذن عام میں کوئی رکارٹ نہیں رہی، حکومت نے ہمارے مطالبات مان کر شرعی تقاضے پورے کر دیئے ہیں، اٹھارہ صفحات پر مشتمل شرعی اعلامیہ میں جو تحفظات پیش کیے گئے وہ حکومت نے دور کردیئے ہیں، گرفتار آئمہ و خطباء کو رہا کرکے حکومت دانشمندی کا ثبوت دے گی۔


اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا کی ہدایت پر اہلسنّت کے جید شیوخ الحدیث اور مفتیان کرام نے اپنے اٹھارہ صفحات پر مشتمل تفصیلی شرعی اعلامیہ میں پیش تحفظات کے دور ہونے کا اعلان کر دیا۔ جید شیوخ الحدیث اور مفتیان کرام نے حکومتی معاہدے کی تائید و توثیق کر دی۔ جید علماء کرام نے جاری اپنے اعلامیہ میں کہا کہ حکومت نے ہمارے مطالبات منظور کر لیے ہیں اور شرعی تقاضے پورے کر دیئے ہیں۔ رمضان المبارک کیلئے بہترین حکمت عملی مرتب کرنے پر صدر مملکت عارف علوی اور وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ شرعی مطالبات کی منظوری سے حکومت کی دلچسپی ظاہر ہوئی۔ سنی اتحاد کونسل کے ترجمان کے مطابق سب سے بڑا مطالبہ نمازیوں کی تعداد مختص نہ کرنے کا تھا جو مان لیا گیا ہے، اب اذن عام میں کوئی رکاوٹ نہیں رہی۔

مفتیاں کرام کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک میں تمام تر حفاظتی اقدامات کیساتھ عبادات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا، حکومت گرفتار آئمہ و خطبا کو فی الفور رہا کردے تاکہ حکومت کی دانشمندی ظاہر ہو۔ مساجد کو بہترین طریقے سے روز دھویا جائے گا۔ قالین اور دریاں ہٹا دی گئی ہیں۔ سینیٹائزر کا استعمال لازمی اختیار کیا جائے گا۔ گلے ملنے اور ہاتھ ملانے سے روکا جائے گا۔ جمعہ کے اجتماعات سمیت ہر نماز سے پہلے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا درس دیا جائے گا۔ علماء کرام وائرس سے بچاؤ کیلئے اپنا بھر پور کردار ادا کریں گے۔ وضو گھر سے کرکے آنے کی ہدایات جاری رہیں گی۔

اجتماعی اعلامیہ جاری کرنے اور حکومتی اقدامات کی حمایت کرنیوالے جید شیوخ الحدیث و مفتیان کرام میں شیخ الحدیث علامہ محمد سعید قمر سیالوی، مفتی محمد بخش رضوی، مفتی عبدالعلیم سیالوی، ڈاکٹر مفتی محمد حسیب قادری، ڈاکٹر مفتی محمد کریم خان، پیر کرامت حسین علی شاہ، پیر میاں تنویر احمد نقشبندی، مفتی محمد عابد سعیدی، علامہ غلام محمد سعیدی، مفتی عبدالکریم سعیدی، مفتی محمد اقبال قادری، مولانا سردار وزیر القادری (بلوچستان)، علامہ رحمت اللہ قادری، مولانا محمد عطاء الرحمن چشتی، مفتی محمد وسیم قادری (آزاد کشمیر)، علامہ ضیاء المصطفیٰ حقانی، مفتی محمد ربنواز، مفتی محبوب احمد شرقپوری، صاحبزادہ مولانا رضائے مصطفی نقشبندی، مولانا مفتی احمد سعید طفیل، مفتی محمد امین نقشبندی، مفتی تصدق حسین، مفتی مشتاق احمد نوری، مفتی محمد امان اللہ شاکر و دیگر شامل ہیں۔


خبر کا کوڈ: 857366

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/857366/اہلسن-ت-کے-جید-شیوخ-الحدیث-اور-علماء-نے-حکومتی-معاہدے-کی-تائید-کردی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org