0
Saturday 18 Apr 2020 10:20

طورخم، 200 پاکستانی اور 80 گاڑیاں افغانستان سے ملک میں داخل

طورخم، 200 پاکستانی اور 80 گاڑیاں افغانستان سے ملک میں داخل
اسلام ٹائمز۔ افغانستان میں پھنسے پاکستانی مسافروں اور ٹرانسپورٹروں کی طورخم کے راستے آمد شروع ہوگئی۔ پہلے مرحلے میں 200 افراد اور اسی گاڑیاں طورخم کے راستے پاکستان میں داخل ہوگئیں۔ لنڈی کوتل کے ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر شمس الاسلام نے بتایا کہ حکومت کی طرف سے اجازت ملنے کے بعد افغانستان میں پھنسے 200 پاکستانیوں اور آسی گاڑیوں کو آنے کی اجازت دیدی گئی اور اس طرح کل بھی آنے دیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ سول انتظامیہ سکیورٹی فورسز اور مقامی پولیس نے کورونا وائرس سے مسافروں اور ادھر کے لوگوں کو محفوظ بنانے کیلئے فل پروف انتظامات کئے ہیں اور جو افراد افغانستان سے پاکستان کی حدود میں داخل ہوتے ہیں ان کی مکمل چیکنگ اور چیک آپ کیا جاتا ہے اور سکریننگ کی جاتی ہے، پھر سکیورٹی فورسز اور پولیس کی کڑی نگرانی میں ان کو لنڈی کوتل ہائی سکول اور کالج کے کوارنٹین سنٹروں میں بھیج دیا جاتا ہے اور گاڑیوں کو حمزہ بابا گراؤنڈ میں کھڑا کر دیا جاتا ہے جہاں ان پر کلورین سپرے کیا جاتا ہے۔ شمس الاسلام کے مطابق ان کوارنٹین افراد کو سول انتظامیہ کی طرف سے 2 وقت کا بہترین کھانا دیا جائے گا اور ناشتہ بھی، جبکہ دو ہفتے ان کو کوارنٹین سنٹروں میں رکھا جائے گا اور ان کے ٹیسٹ کے نمونے پشاور بھیج دیئے جائیں گے جو مریض نکلے گا ان کا علاج کیا جائے گا اور جو کلیئر ہوں گے ان کو گھر بھیج دیا جائے گا۔

طورخم سے ذرائع نے بتایا کہ جب پاکستانی مسافر افغانستان سے طورخم کے راستے آرہے تھے تو سکیورٹی فورسز کے حکام، سول انتظامیہ کے حکام، پولیس کے مقامی افسران اور ملک دریا خان آفریدی نے ان کا استقبال کیا اور ان کی خیریت دریافت کی۔ طورخم کے راستے آنے والے پاکستانیوں نے اس موقع پر خوشی کا اظہار کیا اور حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ واضح رہے کہ کورونا وائرس کی وباء پھیلنے کے بعد گذشتہ ایک ماہ سے طورخم بارڈر بند رہا اور پھر افغان حکومت کی درخواست پر ہفتے میں تین دنوں کیلئے طورخم اور چمن کے راستوں سے ٹرانزٹ گاڑیوں کو افغانستان جانے کی اجازت دیدی گئی۔ اس دوران ہاکستان میں پھنسے افغانوں کو جانے دیا گیا اور آج افغانستان میں پھنسے قبائلی افراد کو پاکستان آنے کی اجازت مل گئی۔ تاہم یہ واضح نہیں ہوسکا کہ کُل کتنے پاکستانی افغانستان میں پھنسے ہوئے ہیں جو اپنے گھروں کو آنا چاہتے ہیں، جبکہ یہ بھی واضح نہیں کہ کتنے دنوں تک طورخم بارڈر ان کیلئے کھلا رکھا جائے گا۔ یاد رہے کہ گذشتہ روز حکومت نے افغانستان میں پھنسے پاکستانیوں کو رواں ہفتے وطن واپس لانے کا فیصلہ کیا اور کہا کہ وطن واپسی پر مسافروں کو 7 دن قرنطینہ میں رکھا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 857384
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش