QR CodeQR Code

کراچی سمیت سندھ بھر میں خواتین و بچوں پر بھی ڈبل سواری کی پابندی عائد

18 Apr 2020 23:56

محکمہ داخلہ سندھ کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت کی جانب سے یہ فیصلہ فیملیز کی جانب سے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری کے غیر ضروری استعمال کی شکایات پر کیا گیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ شہر قائد سمیت سندھ بھر میں ڈبل سواری پر ہر طرح کی پابندی عائد کر دی گئی ہے، خواتین، بچوں سمیت کوئی بھی مستثنیٰ نہیں۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ داخلہ سندھ نے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری سے متعلق ترمیمی حکم نامہ جاری کر دیا ہے، جس کے تحت خواتین کے ہمراہ بھی موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کر دی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ کسی بھی صورت خواتین اور بچوں کے ہمراہ موٹر سائیکل کی ڈبل سواری کی اجازت نہیں ہوگی۔ محکمہ داخلہ سندھ کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت کی جانب سے یہ فیصلہ فیملیز کی جانب سے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری کے غیر ضروری استعمال کی شکایات پر کیا گیا ہے۔ عوام سے بھی اپیل ہے کہ وہ اس قانون کی پابندی کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے پولیس و انتظامیہ سے مکمل تعاون کریں، تاکہ وہ کسی بھی غیر معمولی صورتحال سے بچ سکیں۔

دوسری جانب کراچی پولیس چیف غلام نبی میمن نے پولیس افسران کو ہدایت جاری کی ہیں کہ محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری کردہ حکم نامے کے تحت موٹر سائیکل پر ہر طرح کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کی گئی ہے، اور اس حوالے سے حکومت سندھ کی جانب سے گزشتہ تمام استثنیٰ ختم کر دی گئی ہے۔ غلام نبی میمن نے کہا ہے کہ اب موٹر سائیکل کی ڈبل سواری کی کسی بھی صورت اجازت نہیں دی جائے گی۔ کراچی پولیس چیف نے تمام پولیس افسران و ملازمین کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ اس پابندی پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنائیں اور خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف ضابطے کی کارروائی عمل میں لائی جائے۔


خبر کا کوڈ: 857562

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/857562/کراچی-سمیت-سندھ-بھر-میں-خواتین-بچوں-پر-بھی-ڈبل-سواری-کی-پابندی-عائد

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org