QR CodeQR Code

سندھ میں دکانیں و بازار کھولنے کیلئے منصوبہ تیار

19 Apr 2020 16:22

تجارتی مراکز اور دکانیں کھولنے کیلئے 13 شعبوں کا تعین کیا گیا ہے، بنیادی طور پر کاروبار کی نوعیت کے لحاظ سے 13 سیکٹرز کو تین درجوں میں تقسیم کیا گیا، ہر درجے میں شامل شعبہ ہفتہ میں دو روز کیلئے کھولا جائے گا۔


اسلام ٹائمز۔ شہر قائد سمیت سندھ بھر میں دکانیں اور بازار کھولنے کیلئے صوبائی حکومت نے پلان ترتیب دے دیا اور ماہی گیری کی بھی مشروط اجازت دی دے گئی۔ ذرائع کے مطابق سندھ حکومت نے تاجر رہنماؤں کی مشاورت سے پلان مرتب کیا ہے، جس میں کراچی کے تجارتی مراکز اور دکانیں کھولنے کیلئے 13 شعبوں کا تعین کیا گیا ہے، بنیادی طور پر کاروبار کی نوعیت کے لحاظ سے 13 سیکٹرز کو تین درجوں میں تقسیم کیا گیا، ہر درجے میں شامل شعبہ ہفتہ میں دو روز کیلئے کھولا جائے گا۔ پلان کے مطابق پہلے درجے میں چار، دوسرے میں چار اور تیسرے درجہ میں پانچ شعبہ شامل ہیں، بازار اور دکانیں دن میں 8 گھنٹے کیلئے کھولے جائیں گے، کریانہ، مرغی و گوشت کی دکانیں اور بیکریاں ہفتے میں دو روز بند رکھنے کی تجویز سامنے آئی ہے، صرف دودھ، سبزی پھل کی دکانوں اور میڈیکل اسٹورز کو پورا ہفتہ کھولنے کی اجازت ہوگی۔

بازار اور دکانیں کھولنے کیلئے ایس او پی بدھ تک تیار کرلیا جائے گا، ایس او پی کی خلاف ورزی کرنے والے بازار سیل کر دیئے جائیں گے، سندھ حکومت عید شاپنگ کیلئے 15 رمضان کے بعد مزید نرمی کرے گی، عید شاپنگ کیلئے نرمی انتظامیہ سے تعاون اور ایس او پی پر عمل درآمد سے مشروط ہوگی۔ پبلک ٹرانسپورٹ کیلئے بھی جلد نرمی کا اعلان کیا جائے گا اور سندھ حکومت کے تمام ایس او پیز پر عمل کرنا لازمی ہوگا، تاہم پلان پر عملدرآمد وزیراعلیٰ سندھ کی اجازت سے مشروط ہے۔ دوسری جانب محکمہ لائیو اسٹاک، فشریز نے مچھلیوں کے شکار پر پابندی میں نرمی کر دی، ماہی گیر سمندر میں مچھلیوں کا شکار کرسکیں گے، ماہی گیر مروجہ ایس او پی کے تحت کراچی فش ہاربر پر سرگرمیاں شروع کر سکیں گے، فشنگ کی اجازت ملنے سے سندھ کے 3 لاکھ ماہی گیر خاندانوں کو فائدہ ہوگا۔


خبر کا کوڈ: 857651

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/857651/سندھ-میں-دکانیں-بازار-کھولنے-کیلئے-منصوبہ-تیار

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org